بھارت پاکستان پر بے جا الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری رکھ کر امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی ہٹ دھرم پالیسی پر گامزن ہے،بیرسٹر سلطان محمود،افضل گورو کو سزائے موت دی گئی تو کئی اور افضل گورو جنم لیں گے

پیر 2 اکتوبر 2006 14:22

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اکتوبر۔2006ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم اور صدر پیپلز مسلم لیگ کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاہے کہ بھارت ایک بار پھر ممبئی بم دھماکوں کی آڑ میں پاکستان پر بے جا الزام تراشیوں کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے پاک بھارت مذاکرات کو سبو تاژ کرنے کی ہٹ دھرم پالیسی پر گامزن ہے۔ جس کے باعث ایک طویل عرصے سے عالمی برادری کی کوششوں کے باوجود امن پراسیس اور کمپوزٹ ڈائیلاگ کی طرف پیش رفت ممکن نظر نہیں آتی۔

وہ گزشتہ روز اپنے دورہ برسلز کے موقع پر یورپی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز آف فرینڈز آف کشمیر کے چیئرمین ”جیمز ایلس“ سے ایک طویل ملاقات کے دوران اظہار خیال کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کشمیری قوم کو تیسرے روز بنیادی فریق کے طور پر مذاکرات میں شامل کروانے کی جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے اور پی ایم ایل کے قیام کا بنیادی مقصد بھی یہی تھا تاکہ ایک ریاست گیر قومی ریاستی پارٹی بھی ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی حقیقی نمائندگی کر سکے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سلطان نے عالمی برادری،یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ دونوں اطراف کے کشمیری قائدین کی انٹرا کشمیر کانفرنس کے انعقاد کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں تاکہ کشمیری خود بیٹھ کر اپنے مستقبل کے حوالے سے ہونے والے فیصلوں پر کوئی قابل عمل حل تلاش کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم آخری کشمیری کے شہید ہونے کا انتظار کرنے سے قبل اقوام متحدہ کی منظور شدہ قرار دادوں پر عمل درآمد کروا کر عالمی امن اور دو ایٹمی ریاستوں کے درمیان جوہری ٹکراؤ کے خدشات مستقل بنیادوں پر رکوانے میں لائن آف ایکشن طے کریں ۔

دریں اثناء اپنے دورہ برسلز کے دوران آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یورپی یونین کے اہم عہدیداروں،بلجئیم حکومت کے نمائندوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت ممبران پارلیمنٹ سے خصوصی ملاقاتیں کیں اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی افواج کی وحشیانہ کارروائیوں،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں،ماورائے عدالت کشمیریوں کے قتل عام،شہری و سیاسی حقوق کی آزادی پر لگائے گئے بھارتی قدغن پر تفصیلی بریفنگ دی۔

عالمی برادری کے اہم ترین فورم پر کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کے ساتھ نامور لیڈر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بھارتی پارلیمنٹ حملہ کیس میں سزائے موت پانے والے کشمیری افضل گورو کی زندگی کیلئے بھارت پر انسانی بنیادوں پر دباؤ ڈال کر فیصلے پر نظر ثانی کا پر زور مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر افضل گورو کو سزائے موت ہوئی تو کئی افضل گورو مزاحمت سے جنم لیں گے۔

متعلقہ عنوان :