عسکریت کیوجہ سے کشمیر میں غربت‘ بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے‘ غلام نبی آزاد،کشمیریوں کی پریشانیوں کو دور کرنے کیلئے بھارت اور پاکستان کے حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ تنازعہ کو فوری حل کریں

ہفتہ 7 اکتوبر 2006 12:14

دراس (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07اکتوبر2006) مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ عسکریت کی وجہ سے کشمیر میں غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے سیاحت رک گئی ہے سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے ریاست کشمیر کو ایک سازش کے ذریعے پسماندگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے بھارت اور پاکستان کو چاہئے کہ وہ تنازعہ کشمیر حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں تاکہ کشمیریوں کی پریشانیاں کم ہوسکیں کارگل جنگ کی وجہ سے یہ خطہ بہت متاثر ہوا ریاستی حکومت خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے گزشتہ روز یہاں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے اس خطے کے لوگ سخت مشکلات سے دوچار ہیں عسکریت نے اس خطے کو پسماندگی کی طرف دھکیل دیا ہے غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے سیاحت رک گئی ہے سیاح یہاں آنے سے ڈرتے ہیں انہوں نے بھارت اور پاکستان کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کے تنازعہ کو حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں اب وقت آگیا ہے کہ اس کا حل نکالا جائے کشمیری عوام مزید مشکلات برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں کشمیر 1947ء سے ظلم برداشت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دراس کو ایک سب ڈویژن کا درجہ دینا اس سمت میں ایک قدم ہے اور یہاں کے عوام کی خواہشات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بھی یہ ایک اہم فیصلہ ہے انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں ٹورسٹ ویلج اور سیاحت سے متعلق بنیادی ڈھانچہ کو بھی ترقی دی جارہی ہے تاکہ یہ لداخ جانے والے مسافروں اور سیاحوں کے لئے ایک آرم دہ جگہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ دراس جیسے پسماندگی دور دراز اور سرحدی علاقوں میں تعلیم کی ترقی کے کام کو حکومت ترجیح دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان وعدوں کو حقیقی صورت دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :