آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کل باغ میں نالہ ماہل پر پل کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔پل کی تعمیر پر ساڑھے15کروڑ روپے کی لاگت آئے گی‘ اس منصوبے کو دو سال کی مختصر مدت میں مکمل کیا جائے گا

بدھ 11 جولائی 2007 11:22

باغ (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار11جولائی 2007) آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم سردار عتیق احمد خانآکل جمعرات کو ایک روزہ دورہ پر باغ پہنچیں گے اور نواحی علاقے پدر کے مقام پر نالہ ماہل پر پل کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور کارکنوں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران سے خطاب کریں گے ‘ آزاد کشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ کرنل (ر) راجہ محمد نسیم خان وزیراعظم کو باغ کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان آج باغ کے نواحی علاقے پدر کے مقام پر نالہ ماہل پر پل کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس پل کی تعمیر پر ساڑھے 15 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی اور یہ دو سال میں مکمل کیا جائے گا‘ نالہ ماہل پر پل نہ ہونے کی وجہ سے شمالی باغ کی بیس ہزار سے زائد آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا تھا‘ اس نالے سے اب تک سینکڑوں لوگ ہلاک ہوچکے ہیں‘ بارش کے موسم میں شمالی باغ کا رابطہ دیگر حصوں سے کٹ جاتا تھا‘ نالہ ماہل پر پل کی تعمیر اس علاقے کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جس کو آزاد کشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ کرنل (ر) راجہ محمد نسیم خان نے پورا کردیا ہے‘ انتخابی مہم کے دوران کرنل نسیم نے نالہ ماہل پر پل کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا جس کو آج انہوں نے پورا کردیا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم کانفرنس وسطی باغ کے صدر راجہ سعید انقلابی‘ راجہ حبیب کشمیری‘ حافظ سردار خورشید اور دیگر رہنماؤں نے پدر کے مقام پر نالہ ماہل پر آر سی سی پل کی تعمیر پر آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار عتیق احمد خان اور وزیر تعمیرات عامہ کرنل (ر) راجہ محمد نسیم خان کو مبارکباد پیش کی ہے اور ان کا شکریہ ادا کیا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر نے شمالی باغ کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ منظور کرکے اس علاقے کے لوگوں کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نالہ ماہل پر پل کی تعمیر کے حوالے سے ہر حکومت نے وعدہ کیا لیکن اس پر عمل نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران کرنل (ر) راجہ محمد نسیم خان نے اس پل کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا جس کو انہوں نے کل پورا کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :