مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے قافلے پر حملہ ، 3اہلکار زخمی ،قافلہ بارہمولہ سے سرینگر جارہا تھا

جمعرات 21 مارچ 2013 13:19

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 21مارچ 2013ء) مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد نے ایک بار پھر بھارتی فورسز پر حملہ کر کے تین بارڈر سیکورٹی فورس اہلکاروں کو شدید زخمی کر دیا،بی ایس ایف کی آٹھویں بٹالین سے وابستہ ایک قافلہ بارہمولہ سے سرینگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ہیڈکوارٹر کی طرف روانہ ہوا تھا،نوگام علاقہ کے قریب پہنچنے پر بی ایس ایف کی گاڑی پر شدید فائرنگ کی گئی جس میں کرشنا کالِنتا، شاکیہ سنگھ اور سریندر سنگھ نامی اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

عالمی میڈیا کے مطابق حملہ جمعرات کی صبح سرینگر کے نواح میں سب سے بڑی شاہراہ پر ہوا۔پولیس حکام نے بتایا کہ بی ایس ایف کی آٹھویں بٹالین سے وابستہ ایک قافلہ بارہمولہ سے سرینگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ہیڈکوارٹر کی طرف روانہ ہوا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق نوگام علاقہ کے قریب پہنچنے پر بی ایس ایف کی گاڑی پر شدید فائرنگ کی گئی جس میں کرشنا کالِنتا، شاکیہ سنگھ اور سریندر سنگھ نامی اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوج کی بانوے بیس ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جہاں فوجی ڈاکڑوں کا کہنا ہے کہ سر میں گولی لگنے کے سبب ان کی حالت تشویشناک ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے ہفتے ایسے ہی ایک حملے میں سکیورٹی فورسز کے پانچ اہلکار اور دو عسکریت پسند مارے گئے تھے۔