اغیار نے مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈال کر اپنے مفادات کے لیے دوستی کی پینگیں لڑانا شروع کر دی ہوئی ہیں۔ اغیار کی آپس میں دوستی کشمیریوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے‘ جو قومیں کسی سہارے کی آڑ میں رہتی ہیں وہ ہمیشہ ناکامی کا منہ دیکھتی ہیں، تحریک نجات جموں کشمیر کے مرکزی ترجمان ناظم کشمیری کابیان

منگل 9 اپریل 2013 14:51

مظفر آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 9اپریل 2013ء) تحریک نجات جموں کشمیر کے مرکزی ترجمان ناظم کشمیری نے کہا ہے کہ اغیار نے مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈال کر اپنے مفادات کے لیے دوستی کی پینگیں لڑانا شروع کر دی ہوئی ہیں۔ اغیار کی آپس میں دوستی کشمیریوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے، کشمیریوں کو جان لینا چاہیے کہ اغیار اپنے مفادات کے لیے کسی کو بھی داؤ پر لگانے سے گریز نہیں کرے گا۔

اپنی آزادی کے لیے خود اٹھنا ہو گا جو قومیں کسی سہارے کی آڑ میں رہتی ہیں وہ ہمیشہ ناکامی کا منہ دیکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان تحریک نجات نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ریاست کشمیر اور کشمیریوں کی مکمل اور غیر مشروط آزادی کے حق میں ہیں۔ تحریک نجات کشمیر اور کشمیریوں کی مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ترجمان تحریک نجات جموں کشمیر نے مزید کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کا وزیراعظم اور صدر گلگت بلتستان سے ہوں گے اور ریاست کا دائرہ کار اکسائے چن تک جا پہنچے گا اور 32ہزار مربع میل پر محیط تحریک آزادی کے بیس کیمپ سے تحریک کشمیر نئی جدت کے ساتھ شروع ہو گی اور مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کی محکومی جلد حل ہو جائے گی۔