تصفیہ طلب مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کے امن کے لیے شدید خطرے کا باعث ہے ،میر واعظ عمر فاروق

جمعہ 24 جنوری 2014 16:34

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ تصفیہ طلب مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کے امن کے لیے شدید خطرے کا باعث ہے ، مسئلہ کشمیر حل نہ کیا گیا تو عالمی امن کیلئے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ میر واعظ عمر فاروق نے لندن انسٹی ٹیوٹ آف ساؤتھ ایشیا( ایل آئی ایس اے) کی جانب سے برطانیہ کے دار الامرا ء میں ” بھارت پاک تعلقات“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے ویڈیو لنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے باعث جنوبی ایشیا کے خطے کو مسلسل ایٹمی جنگ کا خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خود مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں لے گیا تھااور عالمی ادارے نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حق میں متعدد قرار دادیں پاس کیں اور طے کیا گیا کہ کشمیری ایک آزادانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

میر واعظ نے کہا کہ 65سال کاعرصہ گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر ابھی عمل درآمد ہونا باقی ہے۔

انہوں نے کہا 1989سے مقبوضہ علاقے میں ایک لاکھ سے زائد افراد قتل کیے گئے جبکہ ہزاروں کو جبری طورپر لاپتہ کیا گیا۔ میر واعظ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے ہی پاکستان اور بھارت نے تین جنگیں لڑیں اور خود کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جب مسائل کو جنگوں کے بجائے پر امن بات چیت سے حل کرنے کی ترجیح دی جاتی ہے ، مسئلہ کشمیر کو بھی فوری طور پر پر امن مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت ہے اور اگر ایسا نہیں کیا گیا تو عالمی امن کے لیے اسکے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ میر واعظ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔