سندھ ، بلوچستان میں گرمی نے ڈیرے ڈالنا شروع کردیے

جمعہ 4 اپریل 2014 12:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4اپریل 2014ء) ملک کے بالائی علاقوں میں سردی جانے کا نام نہیں لے رہی ہے ، دوسری طرف سندھ ، بلوچستان میں گرمی نے ڈیرے ڈالنا شروع کردیے ہیں، ادھر پنجاب کے کئی مقامات میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ساہیوال میں صبح سے وقفے وقفے سے ابر کرم برستا رہا جس سے شہر کی فضا دل فریب ہوگئی۔

چنیوٹ شہر اور گردونواح میں چند روز سے گرمی بڑھ رہی تھی،لیکن بارش سے موسم ایک بار پھر خوشگوار ہو گیا ہے۔ ادھر قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں وقفہ وقفہ سے تیز اور ہلکی بارش ہورہی ہے، بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی کھڑاہوگیا ہے ۔ادھر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں رات گئے تک کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی ، جس کے بعد ٹھنڈی ہو ائیں چلنے لگی ، شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تین دن سے موسلادہار بارشوں اور ژالہ باری سے رابطہ سڑکوں اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں نصیر آباد ، جعفرآباد میں موسم گرم ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں آہستہ آہستہ سورج کی تپش بڑھتی جارہی ہے ، دوسری طرف گلگت بلتستان کے علاقے استور اور غذر میں اب بھی برفباری ہورہی ہے جس سے سردی کی شدت برقرار ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شمالی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں داخل ہو گا جو ملک کے بیشتر حصوں میں بارشوں کا باعث بنے گا۔

متعلقہ عنوان :