سید علی گیلانی کی کال پر مقبوضہ وادی میں ہڑتال‘ پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں

منگل 22 اپریل 2014 16:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22اپریل 2014ء) حریت قائدین اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور نظر بندی کے خلاف سید علی گیلانی کی کال پر وادی میں ہڑتال کے بیچ مائسمہ، بارہمولہ، کولگام، سوپور، پلہالن اور پانڈی پورہ میں پولیس اور مظاہرین کے مابین جھڑپیں ہوئیں۔بزرگ کشمیری رہنماء نے مزاحتمی لیڈران کو الیکشن بائیکاٹ مہم چلانے سے روکنے کے لئے انکی گرفتاریوں اور نظر بندیوں کے خلاف ہڑتال کی کال دی تھی جس پر پوری وادی میں معمول کی زندگی درہم برہم ہوکررہ گئی۔

شہر سرینگر میں کم و بیش تمام دکانیں ، تعلیمی وکاروباری ادارے، تجارتی مراکز اورغیر سرکاری دفاتر مکمل طور پر بند رہے جبکہ سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری متاثر رہی اور سڑکوں پر مسافر گاڑیوں کی آمدورفت بھی بری طرح سے متاثر ہوئی ۔

(جاری ہے)

تاہم کچھ روٹوں پر جزوی ٹریفک چلتا رہا۔شام دیر گئے مائسمہ میں پولیس اور احتجاجی نوجوانوں کے مابین جھڑپ ہوئی جس دوران پولیس ان کا تعاقب کیا۔

وادی کے دیگر اضلاع میں بھی مکمل ہڑتال سے معمول کی زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئی اور بیشتر قصبہ جات میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ ضلع بارہمولہ میں ہڑتال رہی ۔ بارہمولہ میں پرانے قصبے کو نئے علاقوں سے ملانے والے تمام پلوں پرپولیس کی بھاری تعیناتی کے بیچ سیمنٹ پل اور خانپورہ پل پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان پتھراؤ، جوابی پتھراؤ اور ٹیر شلنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے پورا دن جاری رہا۔

شام دیر گئے بارہمولہ میں دیوان باغ پْل پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے بعد فورسز کی طرف سے شلنگ اور پیلٹ فائرنگ سے دو نوجوان زخمی ہوئے جنہیں زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔ پلہالن میں مکمل ہڑتال رہی ۔ہائر اسکینڈری اسکول کے نزدیک طرفین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا جس کے نتیجے میں افراتفری کا ماحول نظر آیا۔

سوپور قصبے میں مکمل ہڑتال کے بیچ حساس علاقوں میں پولیس اور فورسز کے اضافی اہلکار نظر آئے۔جس دوران مین چوک اور سٹیٹ بنک کے نزدیک خشت باری کے واقعات پیش آئے۔ بانڈی پورہ سے عازم جان نے اطلاع دی ہے کہ بانڈی پورہ ،سمبل ،حاجن ،صفاپورہ اور دیگر علاقوں میں بھی مکمل ہڑتال رہی ،گلشن چوک بانڈی پورہ میں پولیس و مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے دوران اشک آور گیس کے گولے بھی داغے گئے۔

کولگام سے خالد جاوید نے اطلاع دی ہے کہ قصبہ میں سوموار کی صبح ہڑتال کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں پر مشتعل نوجوانوں نے پتھراؤ کیا ۔قصبہ میں مکمل ہڑتال رہی جبکہ یاری پورہ اور کیموہ علاقوں میں ہڑتال سے معمول کی زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئی۔کیموہ میں الیکشن گاڑیوں اور ہڑتال کی خلاف وززی کرنے والی گاڑیوں پر خشت باری کے دوران فوجی گاڑی بھی اس کی زد میں آئی ۔

بعد میں یہاں پولیس کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی گئی۔اننت ناگ (اسلام آباد) اننت ناگ،پلوامہ، شوپیاں،بجبہاڑہ ،سیر ہمدان قاضی گنڈاور کئی دیگر علاقوں میں بھی تمام کاروباری سرگرمیاں اور گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل رہی البتہ کئی ایک مقامات پر پرائیویٹ گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہی۔گاندربل اور بڈگام اضلاع کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر علاقوں میں بھی ہڑتال رہی ۔سرینگر میں پولیس کے ترجمان نے ہڑتال کے بیچ دن بھر رہنے والی صورتحال کے بارے میں بتایا کہ مجموعی طور صورتحال قابو میں رہی تاہم ترجمان کے مطابق گلشن پورہ چوک بانڈی پورہ اور بارہمولہ قصبہ میں سنگباری کے اکا دکا واقعات پیش آئے ۔

متعلقہ عنوان :