حکومت آزاد کشمیر بھر سے لوڈ شیڈنگ ختم کرانے کے لیے حکومت پاکستان کو مجبور کر ے‘راجہ شبیر احمد ایڈووکیٹ

پیر 5 مئی 2014 17:38

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5مئی 2014ء) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں راجہ شبیر احمد ایڈووکیٹ اور سعادت علی کیانی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر بھر سے لوڈ شیڈنگ ختم کرانے کے لیے حکومت پاکستان کو مجبور کر ے- منگلا ڈیم کے پانی اور بجلی پر آزاد کشمیر کے عوام کا پہلا حق ہے اور ہم سے یہ بنیادی حق چھینا جا رہا ہے جو کہ سراسر ناانصافی ہے اور ظلم کے مترادف ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ اگر واپڈا نے آزاد کشمیر سے لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی تو ہم میرپور سے احتجاجی تحریک کا آغاز کرینگے اور پھر اس تحریک کا خاتمہ منگلا پاور اسٹیشن پر قبضے کی صورت میں ہو گا۔ یہاں کے لوگوں نے اپنے آباؤ اجداد کی قبروں پر منگلا ڈیم تعمیر کیاہے اور ہنستے بستے شہریوں کو پانی کی نذر کیاہے۔

(جاری ہے)

میرپور تارکین وطن کشمیریوں کاضلع ہے جو پاکستان کی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں اگر متاثرین منگلاڈیم اور تارکین وطن کشمیریوں کی قربانیوں کاصلہ میرپور کو اندھیروں میں ڈبو کر دیاجارہاہے تو پھر آئندہ اس طرح کی قربانی کون دے گا بیس کیمپ کے حکمرانوں کو میرپور کے عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے میرپور کے تاجروں اور عوام کو اپنے حقوق چھین کرلینا ہوں گے میرپور میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے یہاں پر تمام کاروبار زندگی مفلوج ہوچکا ہے اور حالات سخت کشیدہ ہونے کاخطرہ پیدا ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ میرپور میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور پانی کی شدید قلت حکمرانوں اور عوامی نمائندوں کی ناقص ترین کارکرگی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔

اگر آئندہ 24گھنٹوں میں بدترین لوڈ شیڈنگ بند نہ ہوئی تو میرپور کے تاجر اور عوام سول سائٹی کے نمائندگان ، تاجروں اور وکلاء کے ساتھ مل کر آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیں گے اور اپنے حقوق چھین کر لینے کے لیے سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :