وزیراعظم آزادکشمیر کی کال پر افواج پاکستان، قومی سلامتی کے دفاعی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کل دنیا بھر میں جلسے ، جلوس ، ریلیاں نکالی جائینگی

جمعرات 8 مئی 2014 16:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2014ء) وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی کال پر بہادر افواج پاکستان، قومی سلامتی کے دفاعی اداروں کے خلاف بعض عناصر کی طرف سے شروع کی جانے والی کردار کشی کے خلاف آج بروز جمعة المبارک ریاست جموں کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم اظہار یکجہتی اور پاک فوج زندہ باد ریلیاں، جلسے جلوس منعقد کیے جائیں گے، سب سے بڑی ریلی آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں منعقد ہو گی جس کی قیادت وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید سمیت تمام مکاتب فکر کے زعماء کریں گے، گزشتہ روز جلسے جلوس اور ریلیوں کے انعقاد کی تیاریوں کے سلسلہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے کہا کہ 9مئی 10بجے دن آزادکشمیر کے تمام ضلعی، تحصیل،سٹی مقامات پر جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جن میں پوری قوم یک جان اور یک زبان ہو کر مملکت خداداد پاکستان کے دفاع کے لیئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والی مایہ ناز افواج سے اس طرح اظہار یکجہتی کریں گے کہ بھارت تو کیا روس اور اسرائیل جیسی قوتوں پر بھی لرزہ طاری ہو جائے گا، پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو نے اس ملک کے دفاع اور دفاعی اداروں کو ایٹمی قوت اور میزائل ٹیکنالوجی سے نوازا اور آج ان کے پیروکار ایک بار پھر ملک میں رہ کر ملک کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے مکروہ چہرے پوری دنیا پر آشکار کر کے رہیں گے، شوکت جاوید نے کہا کہ جب تک پاکستان سے دہشت گردی، انتہا پسندی، خودکش حملوں کا خاتمہ ہو کر امن قائم نہیں ہوتا پیپلز پارٹی جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری، سیاسی امور کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور، وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں گوادر سے کشمیر تک خون کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ کس طرح ہو سکتا ہے کہ ہماری افواج پاکستان کے خلاف زہریلا پراپیگنڈا ہو اور کشمیری عوام ہر اول دستے کا کردار ادا نہ کریں کیونکہ پاکستان اور پاکستانی قوم کی ترجمانی کرتے ہوئے ہماری جرات مند افواج نے کشمیرکی آزادی کے لیئے تین جنگیں لڑی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :