جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی بھارتی فوج وپولیس کی جانب سے گرفتاریوں، پرامن مظاہرین پر طاقت کے استعمال کی شدید مذمت

بھارتی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیر چھوڑ دو تحریک کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے، امان اللہ خان

جمعرات 26 جون 2014 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جون۔2014ء) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور پولیس کی طرف سے گرفتاریوں اور پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کی کشمیر چھوڑتحریک کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔

امان خان نے اسلام آباد میں احتجاجی جلسے سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ بھا رتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کی قیادت پر مشتمل بھارتی حکومت کے تمام تر کشمیر دشمن اقدامات کے خلاف احتجاجی پروگراموں کا سلسلہ مرحلہ وار جاری رہیگا ۔ انہوں نے کشمیر چھوڑ دو تحریک کے کامیاب آغاز پر کشمیری عوا م اورپارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو مبارکباد دی ۔

(جاری ہے)

جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان کے مطابق سپریم ہیڈ نے مکمل ہڑتال کرنے اور لال چوک چلو مارچ کوکامیاب بنانے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔احتجاجی مظاہرے میں امان االلہ خان کے علاوہ سینئر نائب چیئرمین عبدالحمید بٹ ،وائس چیئرمین سلیم ہارون، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ساجد صدیقی ، زونل جنرل سیکریٹری سلیم بٹ ، زونل آرگنائزرراجہ غلام مجتبیٰ ، ممبر سپریم کونسل منظور احمد خان ، توصیف جرال چیئرمین سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے علاوہ دیگر کارکنان نے شرکت کی ۔

ترجمان کے مطابق سپریم ہیڈ اور سینئر وایس چیئرمین سمیت جملہ قیادت نے اس موقع پر جموں میں غیر ریاستی باشندوں کی مستقل آبادکاری، مسئلہ کشمیر کے حل میں لیت و لعل سے کام لینے اور بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری مظالم کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ محمد یاسین ملک اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری بھارت اور قا بض انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔

سپریم ہیڈ نے اس موقع پر اقوام متحدہ کے مبصر دفترکے نمائندوں کو سیکریٹری جنرل بان کی مون کے نام ایک یاداشت پیش کی جس میں ان کی توجہ بھارتی فوجیوں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں، پر امن جلسے جلسوں پر پابندیوں اور مقبوضہ علاقے میں غیر کشمیریوں کو آباد کرنے کے بھارتی مذموم اقدامات کی طرف دلائی۔یا د داشت میں سیکریٹری جنرل سے مسئلہ کشمیر کے فوری اورمستقل حل کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھانے پر بھی زوردیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :