چودھری لطیف اکبر کو متوازن، عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں، بجٹ خود کفلت کی طرف اہم قدم ثابت ہوگا، چودھری پرویز اشرف، وفاقی حکومت کی طرف سے آزاد کشمیر میں میگا پراجیکٹس کیلئے فنڈز ہونے پر محمد نواز شریف کے شکر گزار ہیں، بجٹ میں ٹورازم ،ہائیڈل، رسل ورسائل اور تعلیم کے شعبہ میں فنڈز مختص کیے گئے ہیں

مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارقی حمایت جاری رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ، وزیر ہاؤسنگ آزاد کشمیر

جمعرات 26 جون 2014 17:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جون۔2014ء) آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر کا نظرثانی میزانیہ 2013-14وتخمینہ میزانہ 2014-15 ترقیاتی وغیر ترقیاتی پر عام بحث میں حصہ لیتے ہوئے آزادکشمیر کے وزیر ہاؤسنگ وفزیکل پلاننگ چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ میں وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر کو ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتاہوں اور انشاء اللہ موجودہ بجٹ خودکفالت کی طرف اہم قدم ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے آزادکشمیر میں میگا پراجیکٹس کے لیے فنڈز مختص ہونے پر ہم وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان میگا پراجیکٹس کے آغاز سے ریاست تعمیروترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہوگی۔ا نہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ہائیڈل کا پوٹینشنل موجود ہے۔

(جاری ہے)

بجٹ میں ٹورازم ،ہائیڈل، رسل ورسائل اور تعلیم کے شعبہ میں فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ ریاست خوشحالی کی طرف گامزن ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت ہے ۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارقی حمایت جاری رکھیں اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ویثرن پر عمل کرتے ہوئے ریاست کی ترقی ،مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور اسکے پاکستان کے ساتھ الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

بجٹ پر عام بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید نے کہا کہ میں وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر کو ایک متوازن بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ اس بجٹ سے خطہ کے عوام کی فلاح وبہبود اور خوشحالی کے لیے منصوبوں کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر اور خطہ کی تعمیر وترقی وخوشحالی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

چوہدری محمد رشید نے کہا کہ آنے والے بجٹ سے خطہ کی تقدیر بدل جائے گی اور آزادکشمیر میں میگا پراجیکٹس کے آغاز سے تعمیر وترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں میڈیکل کالجز کا قیام اور دیگر میگا پراجیکٹس ہماری حکومت کا کارنامہ ہیں اور ہماری حکومت کی تحریک پر حکومت پاکستان نے آزادکشمیر میں میگا پراجیکٹس کے لیے فنڈز مختص کیے ہیں۔

اس پر میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار تمام اپوزیشن ممبران اسمبلی کو بھی اتنے ہی فنڈز دئیے گئے جتنے حکومتی ممبران کو دئیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام اضلاع کو ملانے والی سڑکوں کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کے لیے مشکلات پیدا نہ ہوں۔

ا نہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا جائے گااور عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطہ میں تعمیروترقی کا سفر جاری رکھیں گے اور خطہ کے عوام کی تقدیر بدلنے کا تہیہ لے کر آئے ہیں۔بجٹ پر بحث میں میں حصہ لیتے ہوئے اپوزیشن رکن اسمبلی چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ حکومت کو خطہ کی تعمیروترقی،گڈ گورننس ،انصاف کی فراہمی اور میرٹ کی بحالی کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہون نے کہاکہ ریاستی وسائل میں اضافہ کیا جائے تاکہ خطہ خوشحال ہو۔انہوں نے کہا کہ ہائیڈل اور ٹورازم پر توجہ دینے سے خطہ خوشحالی کی طرف گامزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں میگا پراجیکٹس کے لیے فنڈز مختص کرنے پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔بحث میں حصہ لیتے ہوئے ممبر اسمبلی سید شوکت شاہ نے کہا کہ حکومت کو عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر خاص توجہ دینی چاہیے تاکہ خطہ خوشحالی کی طرف گامزن ہو سکے۔

ممبر اسمبلی مہر النساء نے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت کو تحریک آزادی کشمیر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور حکومت کو چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے پارلیمانی وفود بیرون ملک بھیجوائے جایں ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے ۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تمام ضلعوں میں پریس کلب کی عمارات کی تعمیر کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ خطہ کی تعمیروترقی وخوشحالی اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے جدوجہد حکومت اور ہم سب کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔