برطانوی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے حل بارے اپنی کوششیں جاری رکھنے کیساتھ دیگر پارلیمنٹس سے بھی رابطہ کریگی، اینڈریو گرفتھ

جمعرات 17 جولائی 2014 16:14

لندن(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 17جولائی 2014ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم وپاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیرکے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمودچوہدری اوربرطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے چئیرمین اینڈریو گرفتھ نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی نہ صرف برطانوی پارلیمنٹ کے اندر اس سلسلے میں کوششیں ہو نگی بلکہ یورپی پارلیمنٹ اور یورپ کے اندر سے بھی کوششیں ہونگی اور دیگر پارلیمنٹس سے بھی رابطہ کیا جائے گا اور کشمیر پر حمایت کو یکجا کیا جائے گا اور اس سلسلے میں مسئلہ کشمیر پر ہم خیال ممبران پارلیمنٹ اور دیگر ممالک کے اراکین پارلیمنٹس کو بھی خط لکھے جائیں گے تاکہ ساری حمایت کو یکجا کرکے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ، امریکی صدر، یورپی یونین کے صدر اور اقوام متحدہ کے دیگر چار مستقل ممبر ممالک کے سربراہان کو بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عملاً حمایت کی درخواست کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس بات کا فیصلہ دونوں رہنماؤں نے آج یہاں لندن میں ایک گھنٹے سے زائد کی تفصیلی ملاقات میں کیا۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے چئیرمین اینڈریو گرفتھ سمیت تمام دیگر برطانوی ممبران پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کہ انھوں نے بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کی درخواست پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور برطانوی وزیر خارجہ کو خطوط لکھے ۔

بالخصوص برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو لکھے گئے خط کو زبردست پزیرائی حاصل ہو رہی ہے کیونکہ یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ بروقت اور صحیح سمت میں درست اقدام اٹھایا گیا ہے۔کیونکہ بھارتی حکومت نے حال ہی میں نئی دہلی سے اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو نکلنے کا حکم دیا ہے۔ دریں اثناء بیرسٹرسلطان محمود چوہدری لندن سے دو روزہ دورے پربریڈ فورڈاور برمنگھم روانہ ہوگئے ہیں۔