مقبوضہ کشمیر :بھارتی پولیس نے شبیر احمد شاہ کو گرفتارکرلیا

جمعہ 18 جولائی 2014 17:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی۔2014ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے حریت کانفرنس جموں وکشمیر کے سینئر رہنماء اور جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ کو کو لگام ،کیموہ اور بو گام جانے سے روکنے کیلئے ساتھیوں سمیت گر فتار کر لیاہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شبیر شاہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شبیر احمد شاہ کو اپنی پارٹی کے زیر اہتمام جلسوں سے خطاب کیلئے کو لگام ،کیموہ اور بو گام جا نا تھا تاہم انہیں فریڈم پارٹی کے دفتر سے نکلتے ہی گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک ہونے کے دعویدار بھارت کے حکمرانوں نے شبیر احمد شاہ کو 2008سے 2010کے دوران عوام سے دور رکھنے کیلئے چھ مرتبہ کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں مسلسل نظربندرکھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 2011میں شبیر شاہ کی رہائی کے بعد سے انہیں کسی نہ کسی طرح گھر میں نظربند یا پولیس اسٹیشن میں زیر حراست رکھا گیا ۔

انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ اس دوران شبیر شاہ کو ۱۲۳ بار نماز جمعہ اور چھ مرتبہ نمازعید ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی جو کہ مسلمانوں کے دینی معاملات میں مداخلت ہے ۔ ادھر شبیر احمد شاہ کی کال پر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے زونل صدر فیاض احمد سوداگر کی قیادت میں اسلام آ باد میں نماز جمعہ کے بعد غزہ پر صیہونی بر بریت اور قتل وغارتگری کے خلاف احتجاج مظاہر ہ کیاگیا ۔جلوس میں بڑی تعداد میں لو گوں نے شرکت کی۔ بعدازاں پولسی نے جلوس کے شرکاء کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا ۔دریں اثناء شبیر شاہ نے روز نامہ آ فتاب کے سنئیر ایڈیٹر ظہور ہاشمی کی والدہ محترمہ کے انتقال پر گہر ے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :