پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کافی قربانیا ں دے چکا ہے ،فریال تالپور

ہفتہ 19 جولائی 2014 16:40

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جولائی۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کافی قربانیا ں دے چکا ہے اور یہ مسئلہ افغانستان کی وجہ سے ہے۔ مگر اس ریجن کا اصل مسئلہ کشمیر ہے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی جاری ہے جسکی وجہ سے پاک، بھارت تعلقات میں بہتری نہیں آسکتی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں لندن میں فریال تالپور، آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم وپاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیرکے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمودچوہدری اور پاکستانی نژاد یورپی ممبر پارلیمنٹ امجد بشیر کے درمیان دو گھنٹے سے زائد کی ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر یورپی پارلیمنٹ امجد بشیر نے محترمہ فریال تالپور کو یقین دلایا کہ وہ یورپی پارلیمنٹ اور یورپی یونین میں پاکستان کے مفادات اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

جبکہ محترمہ فریال تالپور نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے جسکی وجہ سے اسے مشکلات درپیش ہیں۔تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی جہاں جہاں بھی دنیا میں ہوں وہ پاکستان کے مفادات کا تحفظ کریں ۔ اس موقع پر ممبر یورپی پارلیمنٹ امجد بشیر نے کہا کہ ہم نہ صرف یہاں کردار ادا کریں گے بلکہ یہاں کے ممبران پارلیمنٹ کو پاکستان لے جاکر بتائیں گے کہ پاکستان کے خلاف جو پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے اس میں کوئی حقیقت نہیں کیونکہ پاکستان میں انسانی حقوق کی پامالی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

اس موقع پر فریال تالپور نے ممبر یورپی پارلیمنٹ امجد بشیر کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ یورپی پارلیمنٹ کو بتائیں کہ مسئلہ کشمیر حل ہوئے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو گا اور ظلم و جبر سے کشمیریوں کی آزادی کی کوششوں کو دبایا نہیں جاسکتا۔انھوں نے کہا کہ اس وقت غزہ اور دیگر جگہوں پر مسلمانوں کو ظلم اور زیادتی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

عالمی برادری کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس موقع پر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے محترمہ فریال تالپور کو بتایا کہ میں پہلے بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوششیں کرتا رہا ہوں اور اب بھی مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اٹھارہا ہوں۔ میں اس سلسلے میں امجد بشیر کا مشکور ہوں کہ انھوں نے میرے یورپی پارلیمنٹ کے دورے کے موقع پر مدد کی تھی اوربرسلز میں میری طرف سے ممبران یورپی پارلیمنٹ کو دئیے گئے عشائیے میں بھی شریک ہوئے تھے۔

میں اورمحترمہ فریال تالپور دونوں امجد بشیر کی صلاحتیوں کے معترف ہیں اور ہم ان سے درخواست کریں گے کہ وہ یورپی پارلیمنٹ اور دیگر انٹرنیشنل فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اٹھانے میں ہماری مدد کریں۔کیونکہ اب بھارت میں ایک ہندؤو انتہاء پسند کے وزیر اعظم بننے اور افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد کی صورتحال کے پیش نظر خطے میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :