آزاد کشمیر میں جشن آزادی پاکستان جوش وجذبے سے منانے کیلئے اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد انتظامات کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 25 جولائی 2014 17:15

مظفر آباد (‘اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) آزادکشمیر بھرمیں جشن آزادی پاکستان کو جوش وجذبے اور تزک واحتشام کے ساتھ منانے کیلئے آج یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس چیف سیکرٹری حکومت آزادکشمیرخضر حیات گوندل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل /سیکرٹری SDMAمحمداکرم سہیل ، سیکرٹری مالیات یوسف خان کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ امسال آزادکشمیر میں جشن آزادی پاکستان یکم اگست تا 14اگست تک منایا جائے گا۔ اس دوران جشن آزادی کے حوالے سے پروگرام اور تقریبات منعقد ہونگی۔ سرکاری وپرائیویٹ عمارات پر پاکستان کاقومی پرچم لہرایا جائے گا۔سرکاری ملازمین سینوں پر بیج لگائیں گے۔عمارات پر رنگ برنگی جھنڈیاں اور چراغاں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یکم اگست کوجشن آزادی پا کستان کی تقریبات کا آغاز دعائیہ تقریب سے ہوگا۔

بعد ازاں یکم تا 14اگست کے درمیان قائد اعظم کا تصور پاکستان اور آزادی پاکستان کے حوالہ سے کانفرنسز اور تقریبات ہونگی۔کھیلوں کے مقابلے اور مشاعرے منعقد ہونگے۔سکولوں اور کالجوں میں تقریری مقابلے منعقد ہونگے ۔10اگست کو پاکستان زندہ باد ریلی منعقد ہوگی جبکہ 14اگست کو قومی تقریب منعقد ہوگی۔13اگست شام مظفرآباد میں شمعیں روشن کی جائیں گی اورعمارات پرچراغاں کیا جائے گا۔ 14اگست کو صبح ملک کی سلامتی واستحکام کے لیے مساجد میں خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ 8:50منٹ پر سائرن بجا ئے جائیں گے اور دو منٹ کی خاموشی ہوگی اور بعد ازاں قومی تقریب منعقد ہوگی۔اسی طرح کی تقریبات تمام ضلعی وڈویثرنل ہیڈ کوارٹرز پر منعقد ہوگی۔

متعلقہ عنوان :