یوم آزادی کی تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کی زیر صدارت اجلاس

پیر 28 جولائی 2014 15:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی۔2014ء) یوم آزادی کی تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس چیف سیکرٹری آزاد کشمیرخضر حیات گوندل کی زیر صدارت ہوا ۔ اجلاس میں سیکرٹری سروسز چوہدری منیر حسین ،سیکرٹری تعلیم سکولزخورشید احمد چوہدری،سیکرٹری بلدیات ودیہی ترقی محمد صادق ڈار،سیکرٹری کھیل وثقافت جاوید شیراز، سیکرٹری تعلیم کالجز محمود خان،سیکرٹری اوقاف نذیر الحسن گیلانی ،سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل ممتاز میر ،کمشنرزصاحبان مظفرآباد،میر پور ، پونچھ ڈویژن ،ڈپٹی انسپکٹر جنرل پویس ڈاکٹر لیاقت علی،ڈائریکٹر جنرل سول دیفنس محمد سرور آفریدی ،ڈائریکٹر تعلقا ت عامہ راجہ اظہر اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید کی ہدایت کے مطابق یوم آزادی کی تقریبات پورے جوش و جذبے اور اس عزم کے ساتھ منائی جائیں گی کہ مملکت خداداد پاکستان کی ترقی واستحکام اور نئی نسل کو قیام پاکستان کے اصل مقاصد سے آگاہ کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دارالحکومت مظفرآباد کی طرح یوم آزادی کی تقریبات تمام ضلعی و ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر منعقد ہوں گی جن میں آزاد کشمیر کے وزراء کرام اور مشیران حکومت شرکت کریں گے ۔

تمام ڈپٹی کمشنر ز اضلاع یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے حکومتی وزراء کو باقاعدہ دعوت دیں گے اور تقریبات کا انعقاد کریں گے ۔ یکم اگست تا 31تک تمام سرکاری و نیم سرکاری و پرائیویٹ عمارات پر قومی پرچم اور رنگ برنگی جھنڈیا ں لہرائی جائیں گی رات کو چراغاں کیا جائے گا یکم اگست تا 31 اگست مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی سکولوں و کالجوں میں تقریری مقابلے ، مشاعرے اور کانفرنسز منعقد ہوں گی علاوہ ازیں آزادی کی تقریبات کے حوالہ سے سیمینارز بھی منعقد ہوں گے شاہراہوں اور چوکوں کو سجایا جائے گا۔