جاوید احمد میر کی نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے اعلیٰ سفارتکاروں سے ملاقات، مسئلہ کشمیر ،مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا

جمعرات 7 اگست 2014 17:07

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اگست۔2014ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء جاوید احمد میر نے نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے اعلیٰ سفارتکاروں سے ملاقات کی اور انہیں مسئلہ کشمیر اورمقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ایک بیان کے مطابق جاوید میر نے اسلام آبادمیں 22اگست کو پاک بھارت خارجہ سیکریٹریوں کی سطح کے مذاکرات بارے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان مسئلہ کشمیر کوپر امن طور حل کرنے کیلئے بات چیت کاآغاز ایک خوش آئند اقدام ہے۔

تاہم انہوں نے کہاکہ مذاکرات میں کشمیر جیسے دیرینہ حساس مسئلے کو زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے اور کشمیر کی حریت پسند قیادت کو بھی آئندہ پاک بھارت مذاکرات میں ایک بنیادی فریق کی حیثیت سے شامل کیا جاناچاہیے تاکہ مسئلہ کشمیر کا ایساپر امن حل تلاش کیا جاسکے جو تمام فریقوں کیلئے قابل قبول ہو۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستانی ہائی کمیشن کے سفارتکاروں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کو انکے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت مسلسل جاری رکھیں گے۔جاوید احمد میر نے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ۔