پاکستان کا یوم آزادی یرغمال کر دیا گیا ہے،پاکستان کو انقلابی،آزادی نہیں بلکہ اسلامی قوانین لاگو کرکے ایشین ٹائیگر بنا یا جا سکتا ہے،پروفیسر شہاب الدین مدنی

جمعہ 15 اگست 2014 18:08

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اگست۔2014ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ پروفیسر شہاب الدین مدنی نے کہا ہے کہ پاکستان کا یوم آزادی یرغمال کر دیا گیا ہے،پاکستان کو انقلابی،آزادی نہیں بلکہ اسلامی قوانین لاگو کرکے ایشین ٹائیگر بنا یا جا سکتا ہے۔ مصر،شام،عراق کے بعد اغیار نے پاکستان کے عوام کو آپس میں لڑا نے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔

آزادی کا حصول برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کے زریعے سے ممکن ہوا۔ ہندوستان کا یو م آزادی،کشمیر کی آزادی تک یوم سیاہ کے طور پر منایا جانا،ہندوستان کے منہ پر طمانچہ کی حیثیت رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مرکزی سیکرٹریٹ جامعہ محمدیہ میں قائم مر کز اما م ابن تیمیہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اپنے جمعہ کے خطبہ میں مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر پروفیسر شہاب الدین مدنی نے کہا کہ آزادی ایک عظم نعمت ہے،اس کے حصول کے لیے ہمارے اسلاف نے اپنی جان،مال،اولاد کی لازوال قربانیا ں دیں۔ آزادی کی جدو جہد میں قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان کا یوم آزادی منفی سیاست کی نذر ہو گیا ہے،اور یوم آزادی کو یرغمال کر لیا گیا ہے ۔

موجودہ حالات میں پاکستان کے عوام کو انقلابی و سونامیوں سے صرف یرغمال پاکستان کے یوم آزادی کو واپس لانے کا وقت ہے۔ پاکستان کے عوام آزادی کی قدر کریں،آزادی کی قدر ان محکوم قوموں سے پوچھی جانی چاہیے ،جو موجودہ دور میں بھی اپنی آزادی کی تحریکیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ افسو س کا مقام ہے کہ مساجد میں اپنی خواتین کو نماز ادا کرنے کے لیے جانے سے تو ہم لوگ روکتے ہیں،جبکہ ان جلسے،جلوسوں،لانگ مارچ کے لیے اپنی خواتین کو ساتھ لیکر جانا،انتہائی لازم سمجھتے ہیں،کسی بھی خاتون کے لیے جائز نہیں ہے کہ وہ ایک رات بھی اپنے محرم کے بغیر سفر میں جائے اور ایسے آزادی و انقلاب مارچ کا انجام نہایت ہی خطرناک ہو گا ،جس میں نماز کا خیال نہ رکھا جا رہا ہو اور جن میں خواتین محافظ کا کردار ادا کر رہی ہوں ۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر نے کہا کہ اگر یہ لانگ مارچ اور اتنی تعداد میں عوام کو غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کے لیے اکٹھا کیا جاتا تو اسرائیل اور اس کے حواری لرز جاتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے،مگر المیہ ہے کہ جس نعرے اور نیت سے پاکستان کے قیام کے لیے جدوجہد کی تھی،ہم اس کلمہ کو بھول چکے ہیں۔نواز شریف نے سودی نظام کو پاکستان میں رائج کرنے کے لیے جو اقدامات کیے،تو موجودہ حالات ان پر اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے ساتھ جنگ کرنے کی وجہ سے مسلط ہو رہے ہیں۔

انصاف کی فراہمی حکمرانوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ پروفیسر شہاب الدین مدنی نے کہا کہ ہندوستان کا یوم آزادی ،اس وقت تک یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا رہے گا،جب تک کشمیر ی ہندوستانی ظلم و استبداد سے آزادی حاصل نہیں کر لیتے، مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے ظلم و جبردنیا بھر کی نام نہاد طاقتوں کے منہ پر طمانچہ ہیں،ہندوستان کشمیر یوں کی آزادی کو جب تک دبائے رکھے گا،کشمیر ی تب تک ہندوستان کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :