مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ،سردار محمد یعقوب خان

منگل 19 اگست 2014 16:45

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اگست۔2014ء) صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ۔ دنیا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔ اقوام متحدہ کے تمام ارکان خصوصاً سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی ذمہ داری ہے کہ وہ نصف صدی قبل کشمیریوں کے حق خودارادیت سے متعلق منظور کی گئی قرار دادوں پر عمل درآمد کرائیں انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات ملتوی کرنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بھارتی حکمران بات چیت کے عمل پر یقین ہی نہیں رکھتے ۔

انہوں نے کہا کہ کہ وشوا ہندو پریشد سے تعلق رکھنے والے بھارتی وزیراعظم اور ان کی کا بینہ کے متعدد ارکان تشدد اور انتہاء پسندی پر یقین رکھتے ہیں اور مذاکرات سے فرار کے لیے انہوں نے جو بہانا بنایا ہے وہ بھی افسوسناک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل اور مسئلہ کشمیر کا فریق ہے ۔ حریت رہنماؤں کے ساتھ پاکستانی سفیر کی ملاقات ایک معمول کی کارروائی تھی۔

گذشتہ پچاس سال کے دوران جتنے بھی پاک بھارت مذاکرات ہوئے ان سے قبل پاکستانی قیادت نے کشمیری قائدین کو اعتماد میں لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشن آف نارتھ امریکا (اپنا) کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری مسئلہ کشمیر کے اہم فریق ہیں۔

پاک بھارت مذاکرات میں ان کی شمولیت کے بغیر یہ تنازعہ حل نہیں ہو گا۔ صدر آزاد کشمیر نے اپنا کے رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا کہ وہ امریکہ میں رہ کر پاکستانی اور کشمیر کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں آباد پاکستانی اور کشمیر ی ملک کے سفیر ہیں اس لیے وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے موثر کردار ادا کریں ۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اپنا امریکہ کی انتہائی با اثر تنظیم ہے اس لیے وہ امریکی عوامی نمائندوں کے ساتھ رابطہ رکھے اور مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی صورت میں عالمی امن کو درپیش خطرات اور مسئلہ کشمیر کے پس منظر سے انہیں آگاہ کرے ، کانفرنس سے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہادری اور وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں فرزانہ یعقوب نے بھی خطاب کیا ۔ محترمہ فرزانہ یعقوب نے کانفرنس میں شریک دیگر ممالک کے مندوبین کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال ، خواتین اور بچوں کے استحصال اور نوجوانوں کو لا پتہ کرنے سے متعلق اعداد و شمار کے ساتھ تفصیلی بریفنگ دی۔ جسے کانفرنس کے شرکاء نے بہت سراہا۔