فوج ملکی میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کردار ادا کرتی رہے گی ‘وزیر اعظم آزاد کشمیر

ہفتہ 6 ستمبر 2014 16:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 ستمبر۔2014ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ قوم نے یوم دفاع پورے جوش و جذبے سے منا کر ثابت کیا ہے کہ قوم میں آج بھی 1965 والا جذبہ موجود ہے اور قوم ملک کو درپیش قومی سلامتی اور سالمیت کے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور وہ اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ملکی سرحدوں کی حفاظت اور ملکی میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کردار ادا کرتی رہے گی۔

مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی سے ہمارا دفاع مضبوط ہو گا۔ وہ ایوان وزیراعظم میں یوم دفاع کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید،چیئرمین ایم ڈی اے اسد حبیب ، وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری عامر ذیشان جرال اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ 6 ستمبر 1965ملکی دفاعی تاریخ کا اہم دن ہے۔

جب پاک فوج نے قوم کے ساتھ مل کر دشمن کے حملے کو پسپا کیا اور دنیا پر عیاں کیا کہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج وطن کے چپے چپے کا پوری طرح دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ اس دن ہماری سلامتی اور سالمیت پر حملہ کرنے والی قوتوں کی عقل ٹھکانے آ گئی اور ان کے توسیع پسندانہ عزائم خاک میں مل گئے۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آج ہمارے بہادر سپاہی ہماری سرحدوں پر پہرہ دیتے ہیں اور ہم چین کی نیند سوتے ہیں۔

ہماری اپنی فوج کے ساتھ محبت لازوال ہے۔ کشمیری اس وقت استحکام پاکستان اور دفاع پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی تکمیل پاکستان کی جنگ ہے۔ جس میں کامیابی ہمارا مقدر بنے گی۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ آج بھی ہماری ترجیح مقبوضہ کشمیر کی آزادی اوراس کا پاکستان سے الحاق ہے۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملکی دفاع کومضبوط بنایا اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر اس کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

قائدعوام شہیدذوالفقار علی بھٹو نے73کا آئین بنا کر اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھ کر پاکستان کے دفاع کو نئی سمت دی۔ جس پر آگے چل کر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کا اضافہ کر کے دشمن کے ناپاک عزائم پر کاری ضرب لگا دی۔ آج بھی پیپلزپارٹی سیاسی، معاشی اور دفاعی محاذ پر استحکام پاکستان کیلئے برسر پیکار ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرپرسن بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری ملک میں مفاہمت کی سیاست کے ذریعے ملکی اتحاد و یکجہتی کو یقینی بنا کر ملک کو مضبوط و مستحکم بنا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ مضبوط سیاست اور مضبوط معیشت سے ہمارا دفاع مزید مضبوط ہو گا۔

متعلقہ عنوان :