بھارتی حکومت سے بین الاقوامی اداروں کو مقبوضہ کشمیر کے سیلاب متاثرین کی امداد کی اجازت کیلئے دستخطی مہم کا اجراء

ہفتہ 13 ستمبر 2014 17:10

جنیوا ، سوئٹزرلینڈ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر۔2014ء) کشمیر، پاکستان اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کے کارکنان نے جنیوا، لندن اورنیو یارک میں ایک بہت بڑی دستخطی مہم کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے سیلاب متاثرین کی زبوں حالی کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا ہے، یہ درخواست اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے نام ہے جس میں بھارتی حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی اداروں کو متاثرہ علاقوں میں امداد اور آباد کاری کی اجازت دے، اس کا مقصد بین الاقوامی برادری کی توجہ ان کشمیریوں کی جانب مبذول کرانا ہے جو کہ حالیہ تباہ کن سیلابوں سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

بھارتی مقبوضہ کشمیر کو 400سالوں میں بد ترین سیلاب کا سامنا ہے، بہت سے دیہات اور قصبے مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئے ہیں،پانچ روز تک لگاتار جاری رہنے والی بارشوں نے بہت تباہی مچائی ہے اور جاں بحق افراد کی تعداد200سے زائد ہو چکی ہے اور مسلسل بڑھ رہی ہے، ایک اندازے کے مطابق 60لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 30لاکھ افراد مکمل طور پر پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، انٹرنیٹ اور کسی بھی مواصلاتی نظام کی عدم موجودگی کی وجہ سے کشمیریوں کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔

(جاری ہے)

غور طلب امر یہ ہے کہ بھارتی حکومت نے روایتی ہٹ دھرمی کامظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں کو کسی بھی قسم کی امداد سے روک دیا ہے، اس نے 2005ء کے زلزلے سے ہونے والی تباہی کے دوران بھی اسی بے حسی کو مظاہرہ کیا تھا، آج جبکہ لاکھوں کشمیری فوری امداد کے منتظر ہیں، بھارتی حکومت کی سرد مہری نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ بین الاقوامی برادری فوری طور پر اس غیر انسانی رویے کے خلاف آواز بلند کرے اور بھارتی حکومت پر دباوٴ ڈالے کہ وہ بین الاقوامی اداروں کو فوری طور پر کشمیر میں امدادی سرگرمیوں اور آباد کاری کی اجازت دے۔

متعلقہ عنوان :