چودھری عبدالمجید سردار محمد ابراہیم خان کی یادگار کا سنگ بنیاد 16 ستمبر کو رکھیں گے،

قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے وزیراعظم نے شہدائے کشمیر کی تاریخی مقامات پر یادگاروں کی تعمیر کا سارا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے، شوکت جاوید میر

ہفتہ 13 ستمبر 2014 18:26

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر 2014ء) حکومت آزادکشمیر کے بانی صدر غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی دارالحکومت مظفرآباد،قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو برج کیساتھ پچیس لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی یادگار کا سنگ بنیاد وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید 16ستمبر کو رکھیں گے اور سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر بنک سکوائر چھتر،ہائی کورٹ گراؤنڈ کے سامنے ایک پروقار اجتماع کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز غازی ملت آزادکشمیر حکومت کے بانی صدر سردار محمد ابراہیم خان کے یادگاری اجتماع کے انتظامات اور تیاریوں کے متعلق شعبہ ہائے زندگی کے نمائندگان سے رابطوں کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر نے کہا کہ قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے شہدائے کشمیر کی تاریخی مقامات پر یادگاروں کی تعمیر کا سارا ہوم ورک مکمل کروا لیا ہے جو ایک اور تاریخ ساز کارنامہ اور قربانیوں کے تسلسل کو نئی نسل تک پہنچانے کا بہترین ذریعہ بھی ۔

(جاری ہے)

16ستمبر کو آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے ہونے والے اجلاس سے قبل 9بجے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب اور قومی نوعیت کی تقریب میں صدر ریاست ،قائد حزب اختلاف،سیاسی جماعتوں کے سربراہان،سپیکر اسمبلی،وزراء کرام،ممبران اسمبلی،مشیران ،حریت کانفرنس ،وکلاء، تاجر،طلبا، صحافی تنظیمیں،سول سوسائٹی سمیت تمام مکاتب فکر کے زعماء کو مدعو کیا گیا ہے۔

جس کا مقصد آزادکشمیر میں قومی یکجہتی کے مثالی ماحول کو برقرار رکھتے ہوئے ریاست جموں و کشمیر کے وقار،تشخص ،عوامی حقوق کی بازیابی ،تحریک آزادی کشمیر کے لیے گرانقدر خدمات پیش کرنے والوں کو اتحادواتفاق سے خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید آزادکشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے بھی ذاتی توجہ دے رہے ہیں اور محکمہ سیاحت آزادکشمیر بھر میں سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلیے بڑے منصوبہ جات شروع کر رہا ہے۔

شوکت جاوید نے کہا کہ ابتدائی مرحلہ میں پیر چناسی کے پرفضامقام پر مزید ریسٹ ہاؤس کے ساتھ دربار شریف پیر چناسی کی تعمیر کا سارا ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ آئندہ ماہ وزیر اعظم خو د جا کر اس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔شوکت جاوید نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے ہونے والی تباہ کاریوں میں آزادکشمیر کا سارا انفراسٹرکچر اکھاڑ کر رکھ دیا ہے انسانی جانوں کے ضیاع،املاک کی تباہی سے بے پناہ نقصان ہو چکا ہے اورشاہرات،واٹر سپلائی اور پلوں کی از سرنو تعمیر اور لوگوں کے نقصانات کا کافی حد تک ازالہ کرنے کے لیے پوری توجہ سے حکومت اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔

وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے دوسری بار آزادکشمیر میں مشکل میں گھرے لوگوں کی دلجوئی کر کے جو ڈھارس دی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کے لیے فی کس دس لاکھ روپے کی امداد اور بڑے منصوبہ جات کے علاوہ ایرا سیرا کی ادھوری عمارتوں کو فوری مکمل کرنے کے احکامات پر انکے شکر گزار ہیں۔