صدر آزاد جموں و کشمیر کا مقبوضہ وادی میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار

پیر 15 ستمبر 2014 15:42

راولاکوٹ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15 ستمبر2014) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے مقبوضہ وادی میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا وسیع علاقہ اب بھی سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے ۔ ہزاروں افراد چھتوں پر اور بلند مقامات پر محصور ہیں ۔ جن کا کوئی پرساں حال نہیں۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے عوام کو قابض اور دشمن فوج کے رحم کو کرم پر چھوڑ رکھا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی پی ڈی کے چیئرمین غازی سردار عبدالخالق کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے بھارتی وزیراعظم نرنیدر مودی کی جانب سے آزاد کشمیر کے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کے لیے امداد کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی ضرور ہوئی ہے لیکن حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام راستے بحال کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

اور نقصانات کے ازالے کے لیے حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف خود آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں کے دورے کر چکے ہیں۔ پوری انتظامی مشینری حرکت میں ہے کسی جگہ لوگ محصور نہیں۔ متاثرین کو متبادل مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے ۔ جن لوگوں کے مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔ ان کو نئے گھروں کی تعمیر کے لیے حکومت بھرپور مالی معاونت کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے نقصانات کی تفصیلات ڈپٹی کمشنر کے ذریعے حکومت تک پہنچائیں ۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے مجھے اس حوالے سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے راولاکوٹ انتظامیہ اور محکمہ شاہرات اور لوکل گورنمنٹ کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ لنک روڈ ز اگر کوئی تا حال بند ہیں تو انہیں فوری طور پر کلیئر کیا کریں۔

اور متاثرین کے کوائف جمع کر کے حکومت تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور افسران کی کارکردگی کا اندازہ اسی طرح کی ہنگامی صورتحال میں ہوتا ہے ۔ مستعد انتظامیہ کو ایسی صورتحال میں کسی ہدایت کی ضرورت نہیں پڑتی ۔ افسران کو خود علم ہونا چاہیے کہ نا گہانی آفت سے نمٹنے کے لیے کیا کرنا پڑتا ہے ۔ اس موقع پر چیئرمین پی ڈی اے سردار عبدالخالق ، پاکستان پیپلز پارٹی کے بزرگ رہنما سردار عبدالرحیم ، بلدیہ ایڈمنسٹریٹر راولاکوٹ سردار خان ظفر خان ، صدر پاکستان پیپلز پارٹی حلقہ نمبر 3 سردار عامر خورشید ،صدر یونین کونسل بنجونسہ سردار عبدالحسین ، یونین کونسل حسین کوٹ صوبیدار (ر) محمد اسلم ، غلام محمد شاہ ، سردار خالد محمود ایڈووکیٹ ، پی ایس ایف کے رہنما سردار ببرک شریف اور دیگر نے بھی خطاب کیا

متعلقہ عنوان :