مقبوضہ کشمیر،سیلاب متاثرین تاحال امداد کے منتظر، مزید 29 افراد کی لاشیں برآمد،

سڑکوں پر اب بھی کئی فٹ پانی کھڑا ہے دو لاکھ سے زائد افراد تاحال امداد کے منتظر ہیں،بھارتی میڈیا

پیر 15 ستمبر 2014 19:48

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں تباہ کن سیلاب کو دس روز گزرنے کے بعد بھی زندگی تعطل کا شکار ہے۔ مقبوضہ وادی سے مزید29 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔ سڑکوں پر اب بھی کئی فٹ پانی کھڑا ہے۔ دو لاکھ سے زائد افراد تاحال امداد کے منتظر ہیں۔پانی کی سطح کم ہونے کے بعد مزید انتیس افراد کی لاشیں نکلنے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد ساڑھے پانچ سو ہو گئی ہے۔

اس سے قبل ایک اسپتال سے چودہ بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔

(جاری ہے)

شیو پورا، راج باغ، جواہر نگر، لال چوک، قمر واڑی اور سری نگر کے بعض حصوں میں اب بھی چار سے دس فٹ پانی کھڑا ہے۔ اہم شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بند ہونے اور ایندھن کی قلت کے باعث عوام کو نقل و حرکت میں سخت دشواری کا سامنا ہے۔ سڑکوں کی مرمت تاحال نہ ہوسکی جس کے نتیجے میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو خوراک کی قلت کا سامنا ہے۔ سیلاب متاثرین اشیا ضروریہ کی امداد کے منتظر ہیں۔ سیلاب کے باعث کئی دیہات اور فصلیں تباہ ہونے سے سینکڑوں افراد بے گھر ہوگئے جنہیں اب تک حکومت کی جانب سے کوئی ریلیف نہ مل سکا۔

متعلقہ عنوان :