آزاد کشمیر میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کاکام جنگی بنیادوں پر جاری ہے، سید اظہر حسین گیلانی

بدھ 17 ستمبر 2014 16:46

اسلام آباد۔( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17ستمبر۔2014ء) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر قانون و آبپاشی سید اظہر حسین گیلانی نے کہا ہے کہ چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے متاثرین سیلاب کے لئے 10 کروڑ روپے کا امدادی چیک دے کر کشمیر عوام پر بڑا احسان کیا ہے ۔ انھوں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ا س وقت اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی کشمیر ی عوام کے دکھ سکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔

انھوں نے کہا قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور جمہوریت کی خاطر جان کی قربانی دینے والی محترمہ بے نظیر بھٹواور مرد حر سابق صدر پاکستان کے فرزند نے ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مشکل وقت میں جو قدم اٹھایا ہے اس پر انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت سیلاب کی تباہ کاریوں سے نصف کے لگ بھگ پاکستان ڈوباہواہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈر اور کارکنان سیلاب متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ چئیر مین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے آزاد کشمیر کے سیلاب متاثرین کے لئے امداد بھیج کر صحیح معنوں میں جمہوری لیڈر ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔ وزیر قانون نے ان خیالات کا اظہار کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں راولپنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنوں سے بات چیت کے دوران کیا ۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی ہدایت پر پارٹی لیڈر نہ صرف پاکستان کے متاثرین کی امداد اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں بلکہ آزاد کشمیر کے دورے کر کے بھی متاثرین سیلاب کی بحالی و آباد کاری کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی بھی جمہوری جماعت ملک کے حالات و ذمہ داریوں سے نبرد آزما نہیں ہو سکتی ۔

آزاد کشمیر میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کاکام جنگی بنیادوں پر جاری ہے ۔ حکومت انتظامیہ اور تعمیر نو بحالی کے ادارے متاثرین کی مشکالات کو کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کے در پے ہیں جس رفتار سے بحالی کا کام شرو ع ہے انشاء اللہ بہت جلد حکومتی اداروں ، این جی اوز اور مخیر حضرات کے تعاون سے بحالی اور آباد کاری کا عمل مکمل ہو گا۔

متعلقہ عنوان :