بھارت بیرونی دنیا کو مقبوضہ کشمیر کیلئے امدادبجھوانے کی اجازت نہیں دے رہا ۔ سیدعلی گیلانی ،بھارت کشمیریوں کے ساتھ غلاموں جیسا برتاؤ جاری رکھنا چاہتا ہے، بیان

جمعہ 19 ستمبر 2014 21:32

بھارت بیرونی دنیا کو مقبوضہ کشمیر کیلئے امدادبجھوانے کی اجازت نہیں ..

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت بیرونی دنیا کو مقبوضہ علاقے کے سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان مقبوضہ علاقے بھجوانے کی اجازت نہیں دے رہا ہے ۔ سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ سیلاب کے پہلے دن انہوں اقوام متحدہ، یونیسف، او آئی سی اور مسلم ممالک سمیت عالمی برادری سے فوری مددکی اپیل کی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ اس اپیل پرعالمی برادری نے مثبت جواب دیا اور بہت سے لوگ کشمیری عوام کیلئے امدادی سامان بھجوانا چاہتے تھے تاہم بھارتی حکومت نے انہیں امدادی سامان بھجوانے کی اجازت نہیں دی جس سے ثابت ہو گیا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے ساتھ غلاموں جیسا برتاؤ جاری رکھنا چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اب ہمارے پاس اپنے وسائل پر انحصار کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے اور انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور سیلاب زدگان کی دل کھول کر مدد کریں۔

بزرگ رہنما نے کہا جو لوگ سیلاب سے محفوظ رہے ہیں یہ ان کی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے کہ وہ سیلاب سے تباہ حال اپنے بھائیوں کی مدد کریں۔ سید علی گیلانی نے افسوس ظاہر کیا کہ کٹھ پتلی حکومت اور مقامی انتظامیہ کہیں دکھائی نہیں دیتی اور لوگوں پر زوردیا وہ سیلابی پانی اترنے کے بعد صفائی کا کام خودکریں ۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ سیلاب کے ساتھ ہی کہیں بہہ گئی ہے ۔

انہوں نے امداداور بچاوٴ کی سرگرمیوں میں نوجوانوں کے کردارکی تعریف کی۔ انہوں نے امدادی سامان کی تقسیم میں نظم و ضبط پر زوردیتے ہوئے کہاکہ سامان حیدر پورہ میں قائم مرکزی ریلیف کیمپ میں بھیجوایا جانا چاہیے جہاں سے یہ سامان متاثرہ علاقوں کو بجھوایاجاتا ہے ۔ سید علی گیلانی نے مختلف علاقوں کے وفود سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ یہ اللہ تعالی کی طرف سے ہماری آزمائش ہے اور ہمیں صبر و تحمل سے کام لینا چاہیے تاکہ ہم اس آزمائش میں سرخروہوسکیں ۔

متعلقہ عنوان :