مقبوضہ کشمیر میں متاثرین سیلاب کی حالت نا گفتہ بہ ہے،عبدالسلام بٹ

منگل 23 ستمبر 2014 16:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر سیاحت و شہر ی دفاع عبدالسلام بٹ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں متاثرین سیلاب کی حالت نا گفتہ بہ ہے ۔بھارتی حکومت اور مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ متاثرین کی کسی قسم کی مدد نہیں کر رہی ۔ آزاد کشمیر کے لوگ متاثرین کی مدد کرنا چاہتے ہیں ۔ ہندوستان کی حکومت اجازت نہیں دے رہی ۔

عبدالسلام بٹ نے ان خیلات کا اظہار راولپنڈی میں اپنے حلقہ انتخابات کے دورہ کے موقع پر وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا ہے کہ کشمیر یوں کی حالت زار پر رحم کرتے ہوئے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے عالمی اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فی الفور اقدامات کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں سیلاب زدگان کی مدد کرے ۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں ہر طرف پانی تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے لیکن لوگوں کو پینے کا پانی دستیاب نہ ہے ۔

زندہ بچ جانے والے کشمیری مکانوں کی چھتوں اور درختوں پر پناہ لئے ہوئے ہیں ۔ بھوک پیاس اور کھانے پینے اور ضروریات زندگی کی اشیاء فراہم نہ ہونے کی وجہ سے نڈھال او رخوف سے مر رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور آفت زدہ ہونے کی صورت میں کشمیر ی عوام ہر قسم کی امداد کی ذمہ داری اقوام متحدہ پر ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سیلاب متاثرہ بھائیوں کی مددکے لئے کنٹرول لائن کھولی جائے تاکہ آزاد خطہ کے عوام ان کی ہر طرح کی مدد کر سکیں ۔ وزیر حکومت عبدالسلام بٹ نے کہا ہے کہ بھارت کے مکروہ عزائم کا اندازہ حالیہ سیلاب میں کشمیریوں سے روا رکھے گئے سلوک سے لگایا جا سکتا ہے کفر کی حکومت چل سکتی ہے لیکن ظالم کی نہیں بھارت طاقت کے بل بوتے پرکشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام نہیں رکھ سکتا ۔ کشمیر بہت جلد آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

متعلقہ عنوان :