مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے آزادکشمیر حکومت تمام مکاتب فکر پر مشتمل کمیٹی قائم کرے ،بیرسٹر افتخار گیلانی

جمعرات 25 ستمبر 2014 17:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25ستمبر۔2014ء) مسلم لیگ ن کے رکن قانون سا زاسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے آزادکشمیر حکومت تمام مکاتب فکر پر مشتمل کمیٹی قائم کرے کشمیر بین الاقوامی مسئلہ ہے نئی نسل کو کشمیر کے حوالہ سے تیار کرنے کیلئے سکولوں کے نصاب میں معلومات شامل ہونی چاہیئں کشمیری بھائیوں کے دکھ درد کو بھلایا نہیں جاسکتا سیلاب سے متاثرہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہمارے جسم و جان کا حصہ ہیں بھارت کنٹرول لائن امدادی سرگرمیوں کیلئے کھولے نفرت کے بیج بونے کے بعد وزیراعظم بننے والے نریندر مودی اور بھارتی حکومت نے کشمیریوں کو بے یارو مددگار چھوڑ رکھا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز احتجاجی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا بیرسٹر افتخار نے کہا کہ آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں اور عوام کشمیری بھائیوں کو مشکل کے اس وقت میں مدد کرنے کیلئے تیار ہیں اپنے بھائیوں کی پریشانی کو کم کرنے کیلئے ہم بلا تفریق اکٹھے ہیں آزادکشمیر کے عوام کشمیریوں کے درد کو محسوس کر رہے ہیں آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں وابستگیوں سے بالاتر ہوکر کشمیر کے معاملہ پر متفق ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری مجید کو مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے ایک کمیٹی قائم کرنی چاہیئے جس میں ممبران اسمبلی ، اسمبلی کے باہر کی تمام سیاسی جماعتیں ، وکلا ء ، تاجر ، پروفیسر اور دیگر تمام مکاتب کی نمائندگی موجود ہو اور وہ کمیٹی اسلام آباد میں دیگر ممالک کے سفارتخانوں میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے، میڈیا چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کام کرے بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی آواز بلند کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر سے روشناس کروانے کیلئے سکول کی سطح پر ورکشاپس اور تربیتی پروگراموں کا انعقاد ہونا چاہیئے اور اسے لازمی قرار دیا جائے تاکہ نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر پر عبور حاصل ہو اور یہ نوجوان دنیا میں جہاں بھی جائیں اپنا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کر سکیں انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ مقبوضہ کشمیر کے عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں انہیں مشکل وقت میں مدد فراہم کرنا چاہتے ہیں ۔