سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں مقبوضہ کشمیر میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آل پارٹیز حریت کانفرنس کی جانب سے تقریب کا انعقاد

جمعرات 25 ستمبر 2014 17:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25ستمبر۔2014ء) سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں مقبوضہ کشمیر میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آل پارٹیز حریت کانفرنس نے مزکزی تقریب کا انعقاد کیا تھا جس میں وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید ،جماعت اسلامی کے امیرعبدالرشید ترابی، حریت رہنما سید یوسف نسیم ،عبدالحمید لون ،تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ وزراء حکومت نے شرکت کی۔

اس تقریب میں متفقہ طور پر ایک قومی قرارداد پا س کی گئی ہے۔ ریاست جموں وکشمیر کا یہ نمائندہ نظریاتی اجتماع مقبوضہ کشمیر میں حالیہ سیلاب کے دوران مقبوضہ کشمیر میں تین سو سے زائد انسانی جانوں کے ضیاع،100ارب کے لگ بھگ املاک کی تباہی کے ابتدائی تخمینے،انفراسٹرکچر کی تباہی،سیلابی ریلے میں پھنسے مردوزن کی زبوں حالی وبے حسی انسانی اور شہری حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب ہونے پر بھارت کی متعصبانہ غیر انسانی بنیاد پرست پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ اقوام متحدہ کے مبصرین یورپی یونین،او آئی سی ،این جی اوز، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور عالمی ذرائع ابلاغ کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی رسائی دینے کے لئے احکامات دئیے جائیں۔

(جاری ہے)

ریاست جموں و کشمیر کا یہ نمائندہ اجتماع دونوں اطراف سمیت دینا بھر میں مقبوضہ کشمیر میں سیلاب کی تباہ کاریوں ،گھرے ہوئے نہتے محکموم،غم زدہ بھائیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہے اور قدرتی آفات میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبرجمیل عطا کرنے کی رب ذوالجلال سے دعا کرتا ہے۔

یہ اجتماع بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے آزادکشمیر میں سیلاب سے متاثرہ عوام کی امداد کی پیش کش ٹھکرانے پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور اس کے جرات مندانہ موقف کو پوری کشمیر قوم کی ترجمانی قراردیتا ہے۔یہ نمائندہ اجتماع وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد نواز شریف کی آزادکشمیر میں دوبارآمد،جانی مال نقصان پر فراخدلانہ امدا داور غم زدہ عوام سے عملی اظہار یکجہتی پر انہیں ہدیہ تبریک پیش کرتا ہے۔

یہ نمائندہ اجتماع پیپلزپارٹی کے جواں سال چےئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے پالیسی بیان،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ،سینٹر بیرسٹر چوہدری اعتزاز احسن کا ایوان بالا اور ایوان زریں میں دوٹوک،واشگاف الفاظ میں کشمیری عوام کی ترجمانی کو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی کشمیرپالیسی کا تسلسل تصور کرتاہے۔

یہ نمائندہ اجتماع اسمبلی،سینٹ ،آزادکشمیر قانون سازاسمبلی ،جموں وکشمیر کونسل کے متفقہ پارلیمانی وفد کو آزادکشمیر قانون سازاسمبلی سے متفقہ طورپر پاس کی جانے والی قرارداد کی روشنی میں مقبوضہ کشمیر کے متاثرہ علاقوں تک جانے اور سیز فائر لائن کو مقبوضہ کشمیرکے سیلابی ریلا میں متاثرہ لاکھوں افراد کے نظام زندگی بحال ہونے تک کھولنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

یہ اجتماع بھارت نواز کٹھ پتلی حکومت کی طرف سے کشمیری غمزدہ ،نڈھال قوم کے ساتھ ناروسلوک اختیار کرنے کی مذمت کرتا ہے۔ریاست جموں وکشمیر کا یہ نمائندہ اجلاس وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے متوقع اجلاس سے خطاب کو پاکستانی ،کشمیری عوام کا آئینہ دار سمجھتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہے۔یہ اجتماع پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے انسانی جانوں کے ضیاع،املا ک کی تباہی کے دوران بہادر افواج پاکستان کے شاندار اور تاریخ سازکردار کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور آپریشن ضرب غضب میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو دہشت گردی ،انتہا پسندی کے خاتمے میں ممدو معاون سمجھتے ہوئے انہیں اس امر کا یقین دلاتا ہے کہ اہل کشمیر اپنے خون کا آخری قطرہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

یہ نمائندہ اجتماع کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل کے پلیٹ فارم پر دونوں اطراف کی کشمیری قیادت عوام کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی کاوشوں کو عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔یہ نمائندہ اجتماع آزادی مارچ کی قیادت اور شرکاء کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر اجتماع بے حسی اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں سیلاب سے ہونے والی خوفناک تباہی پر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرنے پر ان کے طرز عمل کو افسوس ناک غیر ذمہ دار تصور کرتا ہے۔

تحریک آزادی کشمیر کے لئے لہو کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائے کشمیرحکومت آزادکشمیر کے بانی صدر سردار محمد ابراہیم خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تعمیر کی جانے والی یادگاروں کے احسن فیصلے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتا ہے نیز 16ستمبر کو پاکستان،آزادکشمیر، مقبوضہ کشمیر کی قیادت کو سبز ہلالی پرچم کے نیچے جمع کرنے پر تمام مکاتب فکر کے کردار کو سراہا جاتا ہے۔