تحریک انصاف آزاد کشمیر کا 15 اکتوبر کو آزاد حکومت اور اپوزیشن کیخلاف وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان

جمعرات 25 ستمبر 2014 17:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25ستمبر۔2014ء) تحریک انصاف آزاد کشمیر 15 اکتوبر کو آزاد حکومت اور اپوزیشن کے خلاف وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔ گزشتہ 3 سال سے آزاد کشمیر میں پی پی اور ن لیگ کے درمیان مک مکا چل رہا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ عوام کے سامنے حکمرانوں کو بے نقاب کیا جائے دھمکیوں سے مرغوب ہونے والے نہیں ہیں۔ ضرورت پڑی تو ”گو مجید گو“، ”گو بی ٹیم گو“ تحریک چلائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے مرکزی رہنما خورشید احمد عباسی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ 15 اکتوبر کو عوام کے سامنے حقائق لائیں گے۔ موجودہ حکومت کھربوں کے سکینڈلز میں ملوث ہے۔ حکومتی وزراء اور اپوزیشن اراکین اسمبلی مال بناؤ سکیم میں پارٹنر ہیں۔

(جاری ہے)

عوام کو برادریوں اور علاقوں کے نام پر تقسیم کر کے حکمران اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں۔

اپوزیشن نے ان 3 سالوں میں اپنا کردار ادا نہیں کیا عوام کرپٹ سیاسی کلچر سے تنگ ہیں۔ تحریک انصاف کو قوم نجات دہندہ سمجھتی ہیں۔ عمران خان خطہ کشمیر کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں انہوں نے نہ صرف کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی بلکہ کشمیر کشمیریوں کا ہے کا نعرہ دیا بعض لوگوں کو اپنی دکانیں بند ہوتی نظر آئیں تو انہوں نے چیخنا پکارنا شروع کر دیا ہے۔

آنے والے انتخابات میں تحریک انصاف عوام کے استحصال میں ملوث سیاسی جماعتوں کو شکست دے گی آزادی مارچ نے قوم کو جگا دیا۔ عوام میں تیزی سے شعور بیدار ہو رہا ہے۔ کشمیری قوم جانتی ہے کہ ان کا استحصال کس نے کیا؟ کون لوگ استحصال کرنے والوں کے دست بازو بنے۔ 15 اکتوبر کو تحریک انصاف آزاد کشمیر وائٹ پیپر جاری کر کے عوام کو مستقبل کی جدو جہد کے لئے روڈ میپ دے گی۔ پریس کانفرنس میں شرکت کے لئے پریس اور الیکٹرانک میڈیا کو دعوت دی جائے گی۔ اگلے ماہ آزاد کشمیر میں بھی باقاعدہ تحریک کا آغاز ہو جائے گا۔ ظالم حکمران کے دن تھوڑے ہیں۔ آزاد کشمیر میں بھی تبدیلی کی ہوائیں چل پڑیں۔