حکومت پاکستان کی مدد وتعاون سے ٹور ازم سمیت آزاد کشمیر کے ہر شعبہ میں ترقی ہو رہی ہے، عبدالسلام بٹ

ہفتہ 27 ستمبر 2014 16:23

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2014ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر سیاحت وشہری دفاع عبدالسلام بٹ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی مدد اورتعاون سے ٹورازم سمیت آزادکشمیر کے ہر شعبہ میں ترقی ہو رہی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے عالمی فورم پر کشمیریوں کے حق خودارادیت اور ان کی خوشحالی کی بات کر کے ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر پاکستان کے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساری قوم اور پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی حکومت اس دلیرانہ اور اصولی موقف پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔انشاء اللہ کشمیر ضرور آزادہوگا اور پاکستان کا حصہ بنے گا۔ ہماری حکومت نے ریاست اور کشمیری عوام کی ترقی کے لیے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے تمام وسائل مختص کر دئیے ہیں ۔

(جاری ہے)

خوشحالی کے لیے یہ ہمارے پاس بہترین ذریعہ ہے۔

وہ یہاں اقوام متحدہ کی ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کے تحت عالمی یوم سیاحت اور کیمونٹی ڈویلپمنٹ کے تحت منائی گئی تقریب سے آگاہی واک کے بعد سینٹرل پریس کلب میں خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر سیاسی رہنما ،عوامی نمائندے ،سرکاری ملازمین،تاجر ،طلباء اور اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے وزیر اعظم آزادکشمیر کے میڈیا کوارڈینیٹر شوکت جاوید میر،ناظم اعلیٰ سیاحت ظہیر قریشی نے بھی خطاب کیا۔

وزیر سیاحت عبددالسلام بٹ نے کہا کہ وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی ہدایت پر سیاحت کے فروغ کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ہماری حکومت نے اس مقصد کے لیے متعدد منصوبے منطور کروائے ہیں جن پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اقدامات کو عالمی اور قومی اداروں نے تسلیم کیا۔ سیاحت کے لیے مشہور علاقوں کو تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ہم سمجھتے ہیں کہ سیاحت جتنا فروغ پائے گی ہماری عوام کا معیار زندگی اتنا ہی بلند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے لیے ایک انوسٹمنٹ پالیسی مرتب کی جا رہی ہے۔جس کے تحت اس شعبہ میں ایک انقلاب برپا ہوگا۔ ہم سرمایہ کاروں کے لیے ہر طرح کی آسانیاں پیدا کریں گے۔ ان کی سرمایہ کاری کو تحفظ ہوگا اور انہیں سرمایہ کاری کے لیے مختلف آپشن دئیے جائیں گے۔

اس طرح ہماری ریاست سے بیروزگاری ختم ہوگی اور وسائل میں اضافہ ہوگا۔وزیر اعظم آزادکشمیر کے میڈیا کواڈینیٹر شوکت جاوید میر نے کہا کہ کشمیر کو اللہ تعالی کے قدرتی حسن کی نعمت عطا فرمائی ہے۔ مہمان نوازی ہماری ثقافت کا حصہ ہے۔حکومت انفراسٹرکچر کی تعمیر میں خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ جس سے یہاں سیاحت کو فروغ ملے گا۔ ناظم اعلیٰ سیاحت ظہیر قریشی نے کہا کہ ہمارے بہت سے علاقے ابھی تک سیاحوں کی نظر سے اوجھل تھے۔ ہم نے ان علاقوں تک سیاحوں کی رسائی کو ممکن بنانے اور وہاں پر ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جس سے ریاست بھر میں سیاحت کو فروغ ملا۔

متعلقہ عنوان :