دورہ برطانیہ انتہائی کامیاب رہا ہے،مسئلہ کشمیر کے پرامن حل ،کشمیر ی عوام کے حق خودارادیت کیلئے آواز بلند کی،جاوید اقبال بڈھانوی

منگل 30 ستمبر 2014 14:58

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30تمبر۔2014ء) آزاد کشمیر کے وزیر خوراک چوہدری جاوید اقبال بڈھانوی برطانیہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس لوٹ آئے ہیں ۔ اسلام آباد ائیر پورٹ پر انکا شاندار استقبال کیا گیااور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ،تفصیلات کے مطابق جاوید بڈھانوی وزیر خوراک آزاد حکومت برطانیہ کا نجی دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آ گئے ہیں ۔

اسلام آباد ائیر پورٹ پر انکا شاندار استقبال کیا گیا ۔ استقبال کرنے والوں میں حاجی غلامی حسین بڈھانوی ، حاجی عطر حسین چوہدری ، پی وائی او متحدہ عرب امارات کے صدر اسحاق بدر ، حاجی وزیر حسین ، چوہدری محمد رشید، ایم ڈی زوہب ہوٹل چوہدری محمد اسلم ، محمد عارف ، محمد زمان ایڈووکیٹس، ذوالفقار گجر ، عابد چوہان ، غلام قادر ، آصف چوہدری و دیگر شامل تھے ۔

(جاری ہے)

بعدازاں ایک مقامی ہوٹل میں وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کے میرا دورہ برطانیہ انتہائی کامیاب رہا ہے ۔ وہاں میں نے برطانیہ ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل اور کشمیر ی عوام کے حق خودارادیت کیلئے آواز بلند کی ہے ۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنے تعاون کی یقین دہا نی کرائی ہے ۔

وہاں مقیم تارکین وطن کو آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری پر راغب کیا ہے ۔ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع ہیں ۔ جاوید اقبال بڈھانوی نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے موقف مسئلہ کشمیر کی حمایت پر خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا ذوالفقا ر علی بھٹو کے نقش قدم پر چل رہے ہیں ۔ انشاء اللہ کشمیرکی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا کیونکہ کشمیر کی آزادی کی خاطر لاکھوں کشمیریوں نے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں ۔

دریں اثناء پبلک ریلیشن آفیسر وزیر خوراک ظفر عالم چوہدری ایڈووکیٹ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جاوید اقبال بڈھانوی کا دورہ برطانیہ بڑا کامیاب رہا ہے ۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے ۔برطانیہ میں مقیم کشمیریو ں نے ان کا تاریخی اور عظیم الشان استقبال کیا ۔