حق دار کو حق کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ نظام ہے جس کو تبدیل کرنے کے لیے جماعت اسلامی جہاد کر رہی ہے ‘ عبدالرشید ترابی

جمعرات 2 اکتوبر 2014 13:23

سدھنوتی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر۔2014ء) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر و کنوینئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ متاثرین زلزلہ اور لینڈ سلائیڈنگ کی شکایات آ رہی ہیں کہ عملہ درست فہرستیں مرتب نہیں کر رہا ہے مستحقین کو نظر انداز کیا جا رہا ہے حکومت فوری طور پر اس کا نوٹس لے اور حقیقی متاثرین کی امداد ‘ بحالی اور معاوضہ جات کی فراہمی کا فوری بندوبست کرے ۔

حق دار کو حق کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ موجودہ نظام ہے اس نظام کو تبدیل کرنے کے لیے جہاد کر رہی ہے ۔اس کے ہوتے ہوئے مسائل حل ہونا تو درکنار اس میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیٹھک تراڑ کھل اور دیگر متاثرین سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں ‘ الخدمت کی طرف سے لگائے جانے والے کیمپوں کے دورے کے دوران اجتماعات اور متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کے موقعے پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر ضلع سردار حبیب خان ‘ سیکرٹری ضلع سردار نزاکت ‘ ڈاکٹرمحمد سلیم ‘صدیق سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔دریں اثناء وہ تحریک آزادی کشمیر کے نامور ہیرو کرنل ہدایت کے گھر تعزیت کے لیے گئے ۔ عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ سیاستدانوں اور حکمرانوں نے شہداء کے مشن کو فراموش کر دیا ہے جس کے لیے انہوں نے یہ خطہ آزاد کروایا۔

شہداء کو اور قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کی تکمیل کے لیے آگے بڑھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی الخدمت فاؤنڈیشن متاثرین سیلاب کے لیے کام کر رہی ہے جماعت اسلامی ہر قیمت پر متاثرین کی امداد جاری رکھے گی اور حکومت سے بھی امداد دلوانے کے لیے اپنی کوششیں اور کاوشیں جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر ‘ مقبوضہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں متاثرین سیلاب کی امداد کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے ان کی بحالی تک ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔