کشمیری قوم نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ،مشکلات میں صبر کا دامن نہیں چھوڑا،چوہدری عبدالمجید

8 اکتوبر کا زلزلہ ہو یا سیلاب کی تباہ کاریاں ہوں یابھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال گولہ باری ،کشمیری مشکل کی ہر گھڑی میں سرخرو ہوئے ہیں، وفود سے گفتگو

بدھ 8 اکتوبر 2014 17:34

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔8 اکتوبر 2014ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ کشمیری قوم نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ مشکلات میں صبر کا دامن نہیں چھوڑا۔8 اکتوبر کا زلزلہ ہو یا سیلاب کی تباہ کاریاں ہوں یابھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال گولہ باری ہو کشمیری مشکل کی ہر گھڑی میں سرخرو ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے زلزلہ کی نویں برسی کے موقع پر مختلف وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ8 اکتوبر کے زلزلہ میں جہاں ایک لوکھ لوگ شہید ہوئے وہاں پر 15 لاکھ فراد بے گھر ہو گئے تھے۔ اس موقع پر جس طرح کشمیری قوم نے صبر و برداشت کا مظاہرہ کیا وہ تاریخ کا حصہ بن گیا ہے۔ اس دوران پاکستان کی حکومت،افواج پاکستان اور عوام نے جو کردار ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔

(جاری ہے)

دنیا میں اس ایثار کی مثال نہیں ملتی۔ آج زندگی پھر اپنی آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہے۔ مظفرآباد،باغ اور راولاکوٹ میں اب زلزہ کی تباہ کاریوں کے بجائے زندگی کی خوبصورتی نظر آرہی ہے۔ ہماری حکومت نے اپنے تین سالہ دور میں زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تاریخی تعمیر و ترقی کے کام کروائے ہیں۔ آج بھی اربوں روپے کے منصوبہ جات پر کام جاری ہیں۔ آئندہ دو سال میں دیگر منصوبہ جات بھی مکمل کر لیے جائیں گے۔

چوہدری عبدالمجید نے ورکنگ بانڈری اور کنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں سیلاب سے متاثر ہونے والے 20 لاکھ سے زائد افراد کی حالت زار پر سے دنیا کی نظریں ہٹانے کے لیے فائرنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہر دور میں ایسے او چھے ہتھکنڈے آزمائے ہیں لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکتا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی بلا اشتعال گولہ باری کا نوٹس لے۔ ورکنگ بانڈری پر گولہ باری اور شہریوں کی شہادت ناقابل برداشت ہے۔ پاکستان ناقابل تسخیر ایٹمی ریاست ہے اور ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتاہے۔ انہوں نے افواج پاکستان اور شہداء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا ہر مرد و زن افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے راستے کھول دے تاکہ آزاد حکومت اور بین الاقوامی این جی اوز متاثرین کی امداد کر سکیں۔ بھارت اپنے مجرمانہ اقدامات کو چھپانے کیلئے این جی اوز کو متاثرہ علاقوں میں جانے کی اجازت نہیں دے رہا ۔ اقوام متحدہ اس کا نوٹس لے۔

متعلقہ عنوان :