بھارتی افواج کنٹرول لائن پر فائرنگ بند کرے مسلح افواج پاکستان بھاتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی،عبدالسلام بٹ

پیر 13 اکتوبر 2014 17:15

راولپنڈی ۔ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء) آزاد جموں و کشمیر کے وزیرسیاحت و شہری دفاع عبدالسلام بٹ نے کہا ہے کہ بھارتی افواج کنٹرول لائن پر فائرنگ بند کرے مسلح افواج پاکستان بھاتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن کے قریب بسنے والے لوگوں پر انڈین آرمی بلاجواز فائرنگ کرکے ان کے جان و مال اور املاک کو نقصان پہنچا کرکھلی جارحیت کا ارتکاب کر رہی ہے ۔

وزیرسیاحت نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی میں اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کے جنرل اسمبلی میں مسلہ کشمیر پر جراتمندانہ اور غیر جانبدارانہ خطاب کے بغد بھارتی حکومت اور سفاک انڈین آرمی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر حکومت نے کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے 18 اکتوبر کے جلسہ میں زیادہ لوگوں کو کراچی میں اپنے محبوب قائد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا تاریخی خطاب سننے کے لئے روانہ کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان اور آزاد کشمیر کی طرح مہاجرین جموں وکشمیرراولپنڈی ڈویژن کراچی جلسہ میں بھر پور شرکت یقینی بنا کر پارٹی سے گہری وابستگی کا ثبوت دیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کر رہی ہے ۔حکومت سیاست ‘جماعت ‘علاقائی تعصب اور برادری ازم سے بالاتر ہوکر عوامی فلاح و بہبود ‘صحت ‘تعلیم اور تعمیروترقی کے منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے ۔اور ان منصوبوں کی دیکھ بھال کی موٴثر مانیٹرنگ کر رہی ہے ۔