کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے۔ بھارت کشمیر کو اپنے باپ دادا کی وراثت نہ سمجھے،محمد طاہر کھوکھر

بدھ 15 اکتوبر 2014 17:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 اکتوبر۔2014ء ) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر، جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی ، وزیر ٹرانسپورٹ و امداد باہمی محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے۔ بھارت کشمیر کو اپنے باپ دادا کی وراثت نہ سمجھے ۔ کشمیری زندہ دل قوم ہیں۔ کشمیری قوم بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں اور تشدد سے تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی۔

پورا کشمیر سیلاب میں ڈوبا رہا ، عوام بے سروسامانی کے عالم میں ہیں جبکہ بھارت کشمیریوں کی امداد کے بجائے ان کے اوپر تشدد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم اب ہوش میں آئیں ۔ بھارت ضد اور ہٹ دھرمی پر اتر آیا ہے۔ اگر اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر کے معاملے کو سنجیدگی سے نہ لیا تو جنوبی ایشیاء میں امن کا مسئلہ پیدا ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت آئے روز آزادکشمیر اور پاکستان کی سرحدوں پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کر رہا ہے جس کی وجہ سے درجنوں کشمیری شہید اور زخمی جبکہ پاک فوج کے جوان بھی شہید ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کا یہ خون ضرور رنگ لائے گا۔ بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام پر بھارت کے خلاف اقوام متحدہ اپنی خاموشی توڑے اور فیصلہ کن لائحہ عمل اختیار کرے ۔ کشمیریوں کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کی سرحدوں کی حافظت کے لیے کشمیری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے ۔ اگر بھارت نے اپنی روش ترک نہ کی تو کشمیری بھی منہ توڑجواب دینا جانتے ہیں۔

بھارت نے آئے روز کنٹرول لائن پر فائرنگ ، گولہ باری معمول بنا لیا ہے۔ پاکستان کی امن کی کوششوں اور بات چیت سے معاملہ حل کرنے کی کوشش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ ہم جواب دینا جانتے ہیں۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں کے باعث آج مسئلہ کشمیر دنیا بھر میں فلیش پوائنٹ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ فوج اتارنے کے باوجود عوام کو اپنے حقوق کے لیے پرامن جدوجہد سے نہیں روک سکا۔ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔ ہزاروں نوجوانوں کو شہید کیا گیا، ہزاروں نوجوان تشدد سے معذور ہو چکے ہیں، ہزاروں لاپتہ ہیں۔ اس قدر ظلم اور بربریت کے باوجود کشمیری عوام نے بھارتی غاصبانہ تسلط تسلیم کرنے سے انکار کر کے دنیا کو بتادیا ہے کہ اسے کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ اقوام متحدہ، امریکہ ، او آئی سی ، یوری پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر خاموشی افسوسناک ہے۔ عالمی برادری فوری اپنا کردار ادا کرے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارتی قیادت اور فوجی افسروں کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات قائم کیے جائیں۔

بھارت کا معاشی بائیکاٹ کیا جائے تا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت تحریک آزادی کشمیر کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ اس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری پاکستانی و کشمیری قوم و قیادت کشمیری عوام کی پرامن تحریک خود ارادیت پر متفقہ موٴقف رکھتی ہے جو خوش آئند ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام اپنی امنگوں کے مطابق اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں گے۔

متعلقہ عنوان :