حریت کانفرنس کے اجلاس میں سیلاب سے ہونیوالی تباہی ، کشمیریوں کی مشکلات کا جائزہ لیاگیا

جمعرات 16 اکتوبر 2014 18:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اکتوبر 2014ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت کانفرنس جموں و کشمیر کی مجلس شوریٰ کا ایک خصوصی اجلاس سینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کی صدارت میں سرینگر میں منعقد ہوا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اجلاس میں مقبوضہ علاقے میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں اور کشمیر ی عوام کودرپیش مشکلات کا جا ئزہ لیا گیا ۔اجلاس میں حریت رہنماؤں نعیم احمد خان ،شبیر احمد ڈار ،فاروق احمد ڈار ،محمد یوسف نقاش ،محمد اقبال میر اور جا وید احمد نے شرکت کی ۔

اجلاس میں کہاگیا کہ آزادی پسند رہنماؤں ، رضاکاروں اور کشمیری نوجوانوں کی طرف سے سیلاب زدگان کی مد د اور بحالی کیلئے جاری سرگرمیوں کا خیرمقدم کیاگیا اور ان سرگرمیوں کو مذید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے آئندہ کے ایک لائحہ عمل پر بھی غورو خوص کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کاروباری تنظیموں کے اتحاد اسٹیٹ اکنامک ری کنسٹرکشن فورم اور سول سوسائٹی کے گروپ کشمیر سینٹر فار سوشل اینڈ ڈویلپمنٹ سٹڈیز کے زیر اہتمام سیلاب کے بعد امدادی سرگرمیوں کیلئے جو اتحا د قائم کیا گیا اس سے مکمل تعاون کافیصلہ کیا گیا۔

حریت رہنماؤں نے کہاکہ سیلاب سے سرینگر کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی تاجروں کو بھاری نقصان ہوا ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ اتحاد تاجروں کی مشکلات اور ان کے نقصانات دور کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔اجلاس میں بھارت کی انشورنس کمپنیوں پرزوردیا گیا کہ وہ متا ثرین کی جلد از جلد باز آ باد کاری کیلئے فوری اقدامات کر ے تا کہ تا جر برادری دوبارہ اپنے پا ؤں پر کھڑ ی ہو سکے ۔

اجلاس میں بھارت کی طرف سے پاکستان کے ساتھ سرحدی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاگیا کہ بھارت کی یہ کارروائی غیر انسانی اور شرمناک ہے ۔ رہنماؤں نے کہاکہ بھارت ہمیشہ ہی جنگ بندی لائن کی خلاف ورزی کرتا ہے اور اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اس سلسلے میں مداخلت کرتے ہوئے کشمیری عوام کو بھارت کے جنگی کے نتیجے میں ہونے والی جانی و مالی نقصانات سے نجات دلائے ۔