سیلاب متاثرین کے ساتھ بھارتی حکومت کے رویے کے خلاف سرینگر میں مظاہرہ

اتوار 19 اکتوبر 2014 16:42

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین ۔9 1اکتوبر 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں تجارتی و صنعتی انجمنوں کے اتحاد ”سٹیٹ اکنامک ری کنسٹرکشن فورم “نے سیلاب متاثرین کی امداد اور آبادکاری میں ناکامی پر بھارتی حکومت اور مقبوضہ علاقے میں اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کے خلاف سرینگر میں احتجاجی مظاہرے کئے۔مظاہرین ریگل چوک سے احتجاجی جلوس کی صورت میں گھنٹہ گھر پہنچنے جہاں انہوں نے کئی گھنٹوں تک دھرنا دیااور قابض انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔

اس موقع پر مقررین نے کہاکہ سیلاب کی وارننگ کے باوجود قابض انتظامیہ نے کوئی پیشگی حفاظتی اقدامات نہیں کئے اورسیلاب کے دوران بچاؤ کارروائیوں میں بھی قابض انتظامیہ غائب رہی جبکہ مقامی نوجوانوں نے لوگوں کو بچانے میں شاندارکردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہاکہ انتظامیہ اب بازآباد کاری کے حوالے سے بھی لیت ولعل سے کام لے رہی ہے اورڈیڑھ ماہ گزرجانے کے باوجود اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت سیلاب متاثرین کی باز آبادکاری کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرین کو شدید ترین موسمی صورتحال کے باعث بے شمار مشکلات کا سامنا ہے لیکن بھارتی حکومت نے کشمیر یوں کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاست اترا کھنڈ میں بین الاقوامی ایجنسیوں کو ایک ہفتے کے اندر اندر نقصان کا تخمینہ لگانے اور معاوضہ دینے کے حوالے سے شامل کیا گیا لیکن مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی بین الاقوامی ادارے کوسیلاب متاثرین کی مدد کرنے کے لیے آنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔اْن کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی حکومت میں امداد اور باز آبادکاری کی سکت نہیں تو بین الاقوامی امداد کومقبوضہ کشمیر آنے دیا جانا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :