آزادکشمیر کے اندر امن وامان کی تسلی بخش صورتحال ہے ‘ وزیراعظم آزاد کشمیر

پیر 20 اکتوبر 2014 16:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے اندر امن وامان کی تسلی بخش صورتحال ہے اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پوری رفتا رسے کام جاری ہے ۔ عوام کو سستاانصاف اور معیاری گورنس کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے خطہ کے عوام کی خدمت اور اس کی ترقی میں لینٹ آفیسرزکی گراں قدر خدمات ہیں۔

وہ پیر کے روز یہاں کشمیر ہاؤس میں آزادکشمیر کے نئے چیف سیکرٹری عابد علی سے گفتگو کررہے تھے۔جنہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید سے ملاقات کی اس موقع پر سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین اور وزیر مال علی شان سونی بھی موجود تھے۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے نئے چیف سیکرٹری کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ آزادکشمیر کے اندر بلاتخصیص تعمیر وترقی کے حکومتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروے کار لائیں گے اور آزادکشمیر کے عوام کو اچھی صاف ستھری”سروس ڈیلیوری“ کو یقینی بنا کر اداروں کے اندر ہم آہنگی کو مزید بڑھا کر انہیں مزید مضبوط بنائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کی طرف سے آزادکشمیر کے اندر میگا پراجیکٹس شروع کرنے کے پروگرام سے آزادکشمیر کے اندر انتظامیہ کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے کیونکہ ان منصوبوں کے کام کے لیے پرسکون اور ساز گار ماحول کی فراہمی حکومت آزادکشمیر کے ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت بھی آزادکشمیر کے اندر نیلم جہلم ہائیڈل پاور پراجیکٹ سمیت بڑے بڑے قومی منصوبے زیر تکمیل ہیں جن میں ملکی وغیر ملکی تعمیراتی کمپنیاں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ الله تعالیٰ کے فضل وکرم سے آزادکشمیر میں انتہائی با صلاحیت بیوروکریسی موجود ہے جس نے حالیہ شدید بارشوں وسیلاب کے بعد پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے بہت اچھے طریقے سے نمٹا ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے سرکاری محکموں کی کارکردگی کی وجہ سے آزادکشمیر کے عوام کو مشکل حالات میں بھی اچھی خدمات مل رہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت متاثرین منگلا ڈیم ،زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں بقیہ تعمیر نو کے جاری منصوبوں اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے حکومتی منصوبوں کو پایا تکمیل تک پہنچانا درپیش چیلنجز میں شامل ہے اور حکومت انشاء الله تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرے گی اس موقع پر چیف سیکرٹری عابد علی نے کہاکہ آزادکشمیر کی تعمیر وترقی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ اور انہیں ترقی کے برابر مواقع مہیا کرنا ہماری ترجیحات ہوں گی اور ہم انشاء الله وزیراعظم اور آزادکشمیر کے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

متعلقہ عنوان :