بھارت مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے، حریت کانفرنس جموں وکشمیر

پیر 3 نومبر 2014 15:01

سرینگر (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 3نومبر 2014ء) حریت کانفرنس جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں نام نہاد اسمبلی انتخابات کے ذریعے عالمی برادی کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ حریت کانفرنس جموں وکشمیر کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نام نہاد انتخابات کے ذریعے عالمی برادری کو یہ باور کرانے کی کوشش کرتا ہے کہ کشمیری اسکے ساتھ خوش ہیں اور وہ بھارتی قبضے کو تسلیم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کشمیری سیلا ب متاثرین کیلئے عالمی امداد پر بھارتی پابندی کی مذمت کی اور کہا کہ جب 2005میں آزادکشمیر میں تباہ کن زلزلہ آیا تھا تو حکومت پاکستان نے عالمی امدادی اداروں کو وہاں کام کرنے سے نہیں روکا تھا لیکن بھارت نے ایسا کر کے کشمیر دشمنی ثابت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد انتخابات کا انعقاد بھی ایک ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب سیلاب متاثرین انتہائی مشکلات کا شکار ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد کا ایک مقصد عالمی برادی کی توجہ سیلاب متاثرین سے ہٹانا بھی ہے۔