ڈیڑھ کروڑ کشمیری بھارت کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں، مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک پرامن جدوجہد جاری رہے گی، سرداریعقوب خان

ہفتہ 8 نومبر 2014 17:25

میرپور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8نومبر 2014ء) آزادریاست جموں و کشمیر کے صدر و چانسلر میرپور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ ڈیڑھ کروڑ کشمیری بھارت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی پرامن جدوجہد جاری رہے گی ۔ گزشتہ 66 سالوں میں آزادکشمیر مین ایک یونیورسٹی تھی پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت نے آزادکشمیر میں پانچ یونیورسٹیاں اور تین میدیکل کالج قائم کرکے آزادکشمیر میں تعلیمی انقلاب برپا کیا جس سے آزادکشمیر ، مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے دیگر صوبوں سے نوجوان تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔

میرپور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کو ماڈل یونیورسٹی بنائیں گے نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کی تعلیم و تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں سپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دیکر ان کی جسمانی تربیت کو مزید بہتر بنائیں گے جس کے لیے اگلے سال سے سارے آزادکشمیر کی یونیورسٹیوں کے درمیان میگاء سپورٹس مقابلہ جات منعقد کروئیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے میرپور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے زیر اہتمام سالانہ سپورٹس مقابلہ جات کے سلسلہ میں تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرراجہ حبیب الرحمن نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈائریکٹر سپورٹس عابد حسین نے یونیورسٹی کے زیر اہتمام سالانہ سپورٹس مقابلہ جات کی تفصیلات بیان کیں ۔

تقریب میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے چیئر مین ، ڈین صاحبان ، پروفیسرز ، ممبران ، طلباءء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ کشمیر کے نوجوان ہمارا اثاثہ اور مستقبل ہیں ۔ایک وقت وہ تھا جب آزادکشمیر میں کوئی میڈیکل کالج نہیں تھا اور ہمارے بچے پاکستان کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں جا کر تعلیم حاصل کرتے تھے ۔

آج ہماری حکومت نے میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیاں قائم کیں جس میں پاکستان گلگت بلتستان، مقبوضہ کشمیر سمیت بیرون ممالک سے بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ تعلیمی انقلاب سے ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں ۔ کہ کشمیری پرامن لوگ ہیں لیکن بھارت نے کشمیر کے ایک بڑے حصے پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے جس کے لیے کشمیری 67 سالوں سے بنیادی حق خودارادیت کے حصول کے لیے برسرپیکار ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے یونیورسٹیاں ، میڈیکل کالجوں کے لیے بجٹ امریکہ سے نہیں لیا ۔ اپنے ہی بجٹ کے ذریعے ہم نے ایک سوچ اور فکر کے ذریعے تعلیم کو عام کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ جب مسٹ یونیورسٹی کا چانسلر بنا تو اس کا برا حال تھا آج خدا کا شکر ہے کہ اس یونیورسٹی کا ایک مقام ہے اور اس میں ساڑھے پانچ ہزار طلباء ، طالبات علم کی روشنی سے منور ہو رہے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارایت کے حصول کے لیے جو اندرون ملک اور بیرون ممالک کوششیں کررہے ہیں ۔ اس سے مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف عالمی رائے عامہ متوجہ ہو رہی ہے ۔صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر دیں کل وہ ملک اور قوم کی بھاگ ڈورسنبھالیں گے جس کے لیے ان کو سپورٹس اور تعلیمی سرگرمیوں میں اپنا لوہا منواناہو گا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر راجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ مسٹ یونیورسٹی فیکلٹی کی کوششوں اور محنت کے باعث کوالٹی آف ایجوکیشن میں بہتری آئی ہے اور ایچ ای سی کی رینکنگ میں مسٹ یونیورسٹی 47 ویں نمبر سے 87ویں نمبر پر آگئی ہے جو ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ایک سال میں یونیورسٹی کی رینکنگ میں اتنابڑھا جمپ یونیورسٹی ڈیپارٹمنٹ اور فیکلٹی کی محنت کا نتیجہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں معیار تعلیم کے ساتھ ساتھ سپورٹس سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جارہاہے تاکہ ہمارے طلبا وطالبات میں سپورٹس مین سپرٹ کا جذبہ،تحمل وبرداشت اور مقابلہ کا رجحان پیدا ہو اور وہ عملی زندگی میں کامیابیاں حاصل کرسکیں ۔قبل ازیں صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے سالانہ سپورٹس مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباو طالبات میں شیلڈز ،سرٹیفکیٹ اور انعامات تقسیم کیے اور انہیں مبارک باد دیں ۔

متعلقہ عنوان :