موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو پھرسے عالمی ایجنڈے پر متعارف کرا دیا،منگلا متاثرین کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے، چودھری محمد برجیس طاہر

جمعہ 21 نومبر 2014 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کو منگلا ڈیم ریزنگ پرجیکٹ کے متاثرین کے مسائل کے حل اور منگلا ڈیم سے میر پور شہر کیلئے پانی کی دستیابی کیلئے درخواست کی ہے۔ وزیر اعظم نے اس ضمن میں مسائل کے حل کیلئے یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعظم پاکستان کشمیر کو پاکستان سے جدا نہیں سمجھتے۔ جس طرح سے وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں دلچسپی لیتے ہیں اس سے کہیں زیادہ دلچسپی وہ آزادکشمیر کے معاملات میں لیتے ہیں۔ کشمیر کے پاکستان کے دیگر شہروں کے ساتھ فضائی اور زمینی راستوں کی تعمیر اور آزادکشمیر کو مقامی و بین الاقوامی سیاحت کا گڑھ بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی تا مظفرآباد ریل لنک سے خطے میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور ترقی کے نئے افق کھلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے ایسانہیں ہوا کہ کسی وزیراعظم نے مظفرآباد جا کر آزادکشمیر کونسل کے اجلاس کی صدارت کی ہو۔ موجودہ وزیراعظم کے دور میں یہ مسلسل دوسری مرتبہ ہوا ہے کہ وزیراعظم پاکستان آزادکشمیر کونسل کے اجلاس کی صدارت کے لیے مظفرآباد تشریف لے گئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی مظفرآباد ریل لنک اور مظفرآباد تا پیرچناسی روڈ وزیراعظم کے ترقیاتی تخیل کی عکاسی کرتاہے۔ صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی ایجنڈے پر پھر سے متعارف کرادیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب بھارت پاکستانی مؤقف کے آگے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوجائے گا۔

بجٹ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کونسل کے بجٹ 2014-15 میں علاقائی ترقی کی بجائے انسانی بہبود کو بنیاد بناکر ترقیاتی منصوبے تشکیل دیے گئے ہیں۔ غیر ترقیاتی بجٹ کو ہر ممکن حد تک کنٹرول کیا گیا ہے جب کہ محصولات میں قابل قدر اضافہ بھی کیا گیا ہے۔