اے پی ڈی پی کے زیراہتمام پرتاپ پارک سرینگر میں خاموش احتجاجی دھرنا

جمعرات 11 دسمبر 2014 17:16

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر دوران حراست لاپتہ افراد کے والدین کی تنظیم (اے پی ڈی پی)نے اپنے پیاروں کی یاد میں پرتاپ پارک سرینگر میں خاموش احتجاجی دھرنا دیا۔ بق دھرنے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کی طرف مبذول کرانا تھا ۔

اس موقع پر رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ دھرنے میں شامل ہونے کیلئے صبح سے ہی وادی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد پرتاپ پارک سرینگر میں جمع ہوگئے۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اوراپنے پیاروں کی تصاویر اٹھا کھی تھیں جبکہ دھرنے میں معمر شہریوں کے علاوہ دوران حراست لاپتہ کئے گئے افراد کی نیم بیوہ خواتین بھی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

دھرنے کے شرکاء کاکہنا تھا کہ قابض انتظامیہ کے بلند بانگ دعوؤں کے باوجود ابھی تک لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے اوروہ ابھی بھی اپنے پیاروں کی واپسی کی راہ تک رہے ہیں۔

تنظیم کی رہنماء پروینہ آہنگر نے کہا کہ تنظیم گذشتہ 25برس سے لاپتہ افراد کی تلاش کے مطالبے کے حق میں ہر ماہ کی 10تاریخ کو احتجاجی دھرنے دیتی ہے اورلاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ایک آزاد کمیشن کے قیام کا مطالبہ دوہراتی ہے ۔انہوں نے کہا حالیہ سیلاب میں ایسے45کنبے متاثر ہوئے جن کے لخت جگر برسوں سے لاپتہ ہیں اور انہیں کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔

انہوں نے ووٹ مانگنے والے نام نہاد انتخابی امیدواروں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دوران حراست گمشدہ افراد کی بازیابی پر کیوں زور نہیں دیتے ۔پروینہ آہنگر نے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے اپنی جد و جہد آخری سانس تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں ایک آزادانہ کمیشن کے قیام کا مطالبہ دوہرایا ۔انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سرینگر میں حالیہ تقریر کو کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیا۔

دھرنے میں انسانی حقوق کی مقامی تنظیم وائس آف وکٹمز کے کوآرڈینیٹر عبدالروف خان بھی شامل تھے۔ادھر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیراہتمام مائسمہ سرینگر میں ایک مشعل بردار جلوس نکالا گیا۔فرنٹ کے سینئر اراکین بشیر کشمیری اورشیخ عبدالرشید کی قیادت میں فرنٹ کے درجنوں کارکنوں نے مدینہ چوک میں جمع ہوئے اورہاتھوں میں شمعیں اور مشعلیں تھامے آزادی اور انسانی حقوق کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کرتے ہوئے فرنٹ صدر دفتر تک مارچ کیا اور بعد میں پرامن طور منتشر ہوئے۔

متعلقہ عنوان :