تمام تر بھارتی حربوں کے باوجود عالمی برادری مسئلہ کشمیر کی حساسیت کا ادراک رکھ کر اس کے حل پر زور دے رہی ہے، آغا سید حسن

جمعرات 11 دسمبر 2014 17:16

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2014ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور جموں وکشمیر انجمن شرعی شیعان کے سربراہ آغا سیدحسن الموسوی الصفوی نے کہا ہے کہ بھارت کے تمام تر حربوں اور بے بنیاد دعوؤں کے باوجود عالمی برادری تنازعہ کشمیر کی حساسیت کاادراک رکھتے ہوئے اسکے حل پر زور دے رہی ہے۔آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایک بیان میں کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون کے حالیہ بیان کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ عین اُس وقت جب بھارت مقبوضہ علاقے میں نام نہاد انتخابات کا ڈھونگ رچا رہا ہے ، بانکی مون کے بیان نے حریت کانفرنس کے اس موقف کی تائید کی ہے کہ فراڈ انتخابات رائے شماری کا نعم البدل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبانے کیلئے بھارت نے گزشتہ67برس کے دوران بالعموم جبکہ 25 برس کے دوران بالخصوص مقبوضہ علاقے میں حقوق انسانی کی پامالیوں کی ایک سیاہ تاریخ رقم کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اورانسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو کشمیریوں کے خلاف بھارتی جبر و استبداد کا موثر نوٹس لینا چاہیے اور متاثرین کو انصاف اور مجرموں کو سزا دلوانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ زیر حراست لاپتہ کئے گئے ہزاروں کشمیریوں کے لواحقین اپنے پیاروں کی تلاش میں سرگراں ہیں ۔ انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر حریت کانفرنس کے احتجاجی پروگرام کو ثبوتاژ کرنے کیلئے قابض انتظامیہ کے اقدام کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ چیرہ دستیوں کے ذریعے کشمیریوں کی مبنی برحق جد وجہد کی دبا سکے گا۔