وزیراعظم آزاد کشمیر کا نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹ ،کیڈٹ کالج مظفرآباد منصوبوں کا دورہ ،کام تیز کرنے کی ہدایت

ہفتہ 13 دسمبر 2014 16:47

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2014ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹ اورکیڈٹ کالج مظفرآباد منصوبوں کا دورہ کیا اور جاری کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم نے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کا مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ہفتہ کے روز وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خزانہ ،منصوبہ بندی وترقیات چوہدری لطیف اکبر ،وزیر بحالیات عبدالماجد خان،ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار،پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی، سیکرٹری تعلیم کالجز محمود خان، سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات ظفر بٹ،چیئرمین ایم ڈی اے اسد حبیب اعوان، پولیٹکل سیکرٹری عامر ذیشان جرال،ڈپٹی کمشنر مسعود الرحمن، پیپلز پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر،ڈائریکٹر اطلاعات راجہ اظہر اقبال اور دیگر شخصیات بھی تھیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے سب سے پہلے کیڈٹ کالج کا دورہ کر کے منصوبے کے مکمل ہونے والے فیز Iکا معائنہ کیا اور مارچ2015سے کلاسیں شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم کو کالج کے بارے میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ کالج کلاسوں کے اجراء کے لیے تیار ہے اور آئندہ سال مارچ اپریل میں آٹھویں کلاس کے داخلے ہونگے۔کلاس رومز ،ہاسٹل سمیت تمام سہولیات مکمل ہو گئی ہیں جبکہ کالج کے فیز IIجس میں مزید ہاسٹل،اساتذہ کی رہائشیں ،جمنازیم،ڈسپنسری ،آڈیٹوریم ،سوئمنگ پول شامل ہیں کا پی سی ون منظورہوتے ہی تعمیراتی کام شروع ہو جائیگا۔

وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے تیار کلاس روزمز کا معائنہ کیا اور رومز میں موجود سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ فیزIIکیلئے 30کروڑ روپے کے فنڈز کی ضرورت ہے جس پر وزیر اعظم نے موقع پر ہی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو فنڈز کے اجراء کے لیے پی سی ون فوری طور پر منظور کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ کیڈٹ کالج میں 500طلبہ کے پڑھنے کی گنجائش ہوگی جس میں سے آئندہ سال آٹھویں کلاس میں 100طلبہ کو داخلے دئیے جائیں گے۔

وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کالج کی خوبصورتی اور ماحول کو خوبصورت بنانے کے لیے کالج کے اردگرد شجرکاری کرنے اور کالج سے ملحقہ مین روڈ پر فٹ پاتھ بنانے کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے کالج میں پانی کی فراہمی سمیت تمام سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدیت بھی کی۔ کیڈٹ کالج کے بعد وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹ کا سائیٹ وزٹ کیا اس موقع پر نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹ کے ڈائریکٹر جنرل (ر) زبیر نے انہیں کام کی رفتار کے متعلق بریفنگ دی۔

جنرل (ر) زبیر نے کہا ک منصوبے پر کام کی رفتار تسلی بخش ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے 969میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی اور 5150ملین بجلی یونٹس پیدا ہوں گی جس سے 45سے50ارب روپے کی آمدن ہوگی۔ جنرل (ر) زبیر نے نیلم جہلم ہائیڈرل منصوبے کے متاثرین کے لیے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں وزیر اعظم کو بتایا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے سفاری پارکوں کی تعمیر کی بھی ہدایت کی۔

بریفنگ میں سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ظفر نبی بٹ کو نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹ اور حکومت آزادکشمیر کے درمیان مختلف امور کے لیے رابطہ کے لیے فوکل سیکرٹری مقرر کیا گیا۔ بریفنگ میں وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر ،وزیر بحالیات عبدالماجد خان،پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ظفر نبی بٹ بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے سے ترقی کی رفتار تیز ہوگی اور ریاست کے معاشی حالات مزید بہتر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میگا ترقیاتی منصوبوں کو کامیابی سے پایہ تکمیل پر پہنچانے کے ساتھ ساتھ نئے منصوبے بھی شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت خطے کو ترقی یافتہ اور عوام کو خوشحال بنانے کے ایجنڈے پر کاربند ہے۔

متعلقہ عنوان :