سید علی گیلانی ، یاسین ملک کا بھارتی انتخابی ڈھونگ کا بائیکاٹ کرنے پر کشمیریوں کو مبارکباد

انتخابی ڈھونگ سے مسئلہ کشمیر ہرگز متاثر نہیں ہو گا ،کشمیری عوام کبھی انتخابات کی خاطر جدوجہد آزادی سے دستبردر نہیں ہوں گے ، سید علی گیلانی بھارت عالمی برادری کو جموں وکشمیر بارے گمراہ کرنے کیلئے ڈھونگ انتخابات منعقد کرارہا ہے ،محمد یاسین ملک

پیر 15 دسمبر 2014 17:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔15دسمبر 2014ء) حریت رہنماء سید علی گیلانی اورجموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے نام نہاد اسمبلی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے پر سرینگر ، اسلام آباد اور شوپیاں کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔سید علی گیلانی نے ایک بیان میں کہاکہ نام نہاد اسمبلی انتخابات کے پہلے تین مرحلوں میں بھارتی الیکشن کمیشن نے اعدادوشمار کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے گزشتہ 67برس کے دوران سے ایسے بہت سے ڈرامے رچا کر جموں وکشمیر کے عوام کے جذبہ حریت کو ختم کرنے کی بھرپور کوششیں کیں، مگر بھارت اور اس کے مقامی آلہ کار ہر دور میں ناکام رہے اور آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔انہوں نے واضح کیاکہ انتخابی ڈھونگ سے مسئلہ کشمیر ہرگز متاثر نہیں ہو گا اور کشمیری عوام کبھی بھی ان انتخابات کی خاطر اپنی جدوجہد آزادی سے دستبردر نہیں ہوں گے ۔

(جاری ہے)

بزرگ رہنماء نے جو نومبر میں انتخابی ڈھونگ کے آغاز کے بعد سے مسلسل گھر میں نظربند ہیں کہاکہ کشمیری عوام نے توکبھی بھارت کی غلامی قبول کی ہے اور نہ ہی کبھی بھارت کی جمہوریت پر اعتماد کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں جہاں لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں بندوق کے سائے تلے انتخابی ڈھونگ رچایا جارہا ہے ،جس کی کوئی اخلا۱قی، سیاسی یا آئینی ساکھ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا انتخابات میں ووٹنگ کی شرح کو بڑھا چڑھاکر پیش کرنا حقائق کے بالکل خلاف ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔ محمد یاسین ملک نے ایک بیان میں کہاکہ بہت سی مشکلات کے باوجود سرینگر ، اسلام آباد اور شوپیاں کے عوام نے انتخابی ڈھونگ کا بائیکات کیا اور کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت عالمی برادری کو جموں وکشمیر کے بارے میں گمراہ کرنے کیلئے ڈھونگ انتخابات منعقد کرارہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ ہم نے کشمیریوں اسے نام نہا دانتخابات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے ووٹ ڈالے ہیں جلد ہی حقیقت ان پر آشکار ہو جائے گی اور انہیں اپنی غلطی پرافسوس ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں الیکشن ایک لاحاصل فوجی مشق کے سواکچھ نہیں ہے ،کیونکہ اسکی کوئی اخلاقی ، قانونی یاآئینی حیثیت نہیں ہے۔ یاسین ملک نے محاذ آزادی کے بانی چیئرمین صوفی محمد اکبر کو انکی برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت بھی پیش کیا ۔