وزیراعظم آزاد کشمیر نے کوہالہ مظفرآباد سڑک کنارے ایک کلومیٹر حد میں ہر طرح کے تعمیراتی میٹریل کی نکاسی پر پابندی لگا کر تجاوزات ختم کرنے کاحکم دیدیا

جمعہ 19 دسمبر 2014 16:23

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کوہالہ مظفرآباد سڑک کے کنارے ایک کلومیٹر حد میں ہر طرح کی تعمیراتی میٹریل کی نکاسی پر پابندی لگاتے ہوئے تجاوزات کو ختم کرنے کاحکم دے دیا ۔این ایچ اے بار بار سڑک متاثر ہونے کی وجوہات تحریری بھیجوائے سلائیڈنگ کے باعث سڑک تباہ ہونے سے قیمتی قومی سرمایہ ضائع ہورہا ہے۔

کوہالہ روڈ پر دولائی پولیس لائن کے قریب پل کا نیا ڈیزائن تیار کیا جائے۔این ایچ اے قومی ادارہ ہے انتظامیہ سڑک کی حفاظت اورمرمت میں این ایچ اے سے بھرپور تعاون کرے۔ این ایچ اے کوہالہ سے لوئر ٹوپہ تک بھی سڑک کی حفاظت کو یقینی بنائے محکمہ جنگلات کوہالہ سڑک پر ایک ایک کلومیٹر ایریا میں سفیدے کے پودے لگائے ۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کے روز یہاں وزیراعظم سیکرٹریٹ میں کوہالہ مظفرآباد سڑک کے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری عابد علی ،پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی،سیکرٹری ورکس الیاس عباسی، سیکرٹری جنگلات فرحت علی میر،سیکرٹری زراعت محمد ادریس تبسم،ریذیڈنٹ انجینئر این ایچ اے کرنل اختر باجوہ،اے ڈی فہد رشید،ڈپٹی کمشنر مسعود الرحمن اور دیگر نے شرکت کی جبکہ وزیراعظم کے مشیر راجہ مبشر اعجاز،میڈیا ایڈوائزر سید عزا دار حسین کاظمی اور شوکت جاوید میر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کوہالہ مظفرآباد سڑک کے بار بار متاثر ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کو سڑک کے کنارے ایک کلومیڑ تک ہر طرح کی نکاسی کے خلاف دفعہ 144نافذ کرنے اور تعمیراتی ودیگر تجاوزات کو فوری ہٹانے کا حکم دیا وزیراعظم آزادکشمیر نے گیلانی فلور مل کے قریب بھی پھتروں کی نکاسی پر پابندی لگانے کا حکم دیا۔

وزیراعظم نے این ایچ اے کو گیلانی فلور مل کے قریب زیر تعمیر سڑک کے حصہ کو فوری مکمل کر کے 30مارچ سے قبل سڑک کو گاڑیاں گزارنے کے قابل بنانے کا حکم دیا۔وزیراعظم نے این ایچ اے کے نمائندوں سے کہاکہ وہ کوہالہ سے مظفرآباد تک سڑک کا سروے کر کے سڑک کی حفاظت کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات کے متعلق تحریری رپورٹ دیں تاکہ اس پر ضروری کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے سڑک کے قریب کھوکھے،تعمیراتی میٹریل کی تجاوزات کے خلاف فوری ایکشن لینے کا بھی حکم دیا۔اجلاس میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے محکمہ جنگلات وزراعت کو 15دنوں میں سڑک کے بائیں جانب ایک کلومیٹر کے ایریا میں سفیدے کے گھنے درخت لگانے کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے کوہالہ روڈ پر شاہدرہ کے قریب سلائیڈنگ کی جگہ کے نزدیک کھڑے تعمیراتی سٹریکچر کو ہٹا کر سڑک کھلا کرنے اور متاثرین کو متبادل اراضی دینے کی بھی ہدایت کی اجلاس میں چیف سیکرٹری نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ سڑک پر ان کی مشینری ہروقت موجود رہنی چاہیے جہاں تک سڑک کی حد ہے این ایچ اے اس پر چونا ڈال کر نشاندہی کرے۔

انتظامیہ ملحقہ جگہ پر اگر تجاوزات ہیں یا نکاسی ہورہی تو تجاوزات ہٹوا کر جگہ این ایچ اے کے حوالے کرے گی۔چیف سیکرٹری نے آزادکشمیر کے تینوں کمشنرز کو بھی سڑکوں کے قریب تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کی ہدایت کی اور بنجوسہ میں ایک بار تجاوزات کے خلاف آپریشن ہونے کے بعد پھر ہونے والی تجاوزات پر متعلقہ انتظامیہ کو ہر طرح کی تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ این ایچ اے ہمارا قومی ادارہ ہے انتظامیہ این ایچ اے کے ساتھ بھرپور تعاون کرے ۔انہوں نے کہاکہ اس سڑک پر بھاری وسائل خرچ ہورہے ہیں اس پر ٹریفک نظام اور اس کی خوبصورتی کسی صورت متاثر نہیں ہونی چاہیے۔وزیراعظم نے سڑک کو مستقل بنیادوں پر محفوظ بنانے کے لیے این ایچ اے کے نمائندوں سے جامع تجاویز بھی طلب کیں۔

متعلقہ عنوان :