وزیراعظم آزاد کشمیر نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کردی

منگل 30 دسمبر 2014 17:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 30دسمبر 2014ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے زلزلہ متاترہ علاقوں میں سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے تحت جاری میگا بحالی وتعمیر نو کے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔منگل کے روز کشمیر ہاؤس میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید سے مظفرآباد سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے ڈائریکٹر برگیڈئیر ریاض نور اور سٹی ڈویلپمنٹ باغ و راولاکوٹ کے ڈائریکٹر برگیڈئیر ظفر والا نے ملاقات کی اور زلزلہ سے متاثرہ شہروں میں جاری بڑے بحالی وتعمیر نو کے منصوبوں پر کام کی رفتار کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر شاہرات چوہدری محمد رشید بھی موجود تھے۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے راولاکوٹ بنجوسہ تا تراڑکھل روڈ ،بنجوسہ جھیل پر ریسٹ ہاؤس کی تعمیر اور راولاکوٹ میں پانی کی قلت کے دیرینہ مسئلہ کا حل کرنے کے لیے راولاکوٹ گریٹر واٹر سپلائی سکیم مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے مظفرآباد میں پارکنگ پلازہ کی تعمیر، مظفرآباد ائیرپورٹ پر بقیہ کام،ذبحہ خانہ، گاڑیوں کے اڈہ کی منتقلی ،سبزی منڈی سمیت منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا اور ان منصوبوں پر جلد پیش رفت کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کوہالہ دھیرکوٹ روڈ کا بقیہ کام بھی جلد مکمل کرنے کے احکامات دیئے اس موقع پر برگیڈئیر ظفروالا نے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کو بتایا کہ کوہالہ دھیرکوٹ روڈ کا کام 15فروری تک مکمل ہوجائے گا۔ اس وقت سخت سرد موسم کی وجہ سے کام کی رفتار تھوڑی سی آہستہ ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ باغ سٹیڈیم ،باغ کمیونٹی سنٹر سمیت مختلف منصوبوں پر 90فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے اور مارچ میں کسی بھی وقت افتتاح کے لیے تیار ہیں۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں سٹی ڈویلپمنٹ کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور انہیں جلد از جلد مکمل کیا جائے۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے متاثرہ علاقوں میں بحالی وتعمیر نو کے منصوبوں کی جلد تکمیل میں خصوصی دلچسپی لینے پر ڈپٹی چیئرمین ایراء اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ز سٹی ڈویلپمنٹ کا خاص طور پر شکریہ اد اکیا اور ان کی قومی خدمات کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے منصوبوں کو یقینی بنائے گی ۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ راولاکوٹ میں پانی کی قلت کا پائیدار حل نکالنے پر اتفاق رائے ہوچکا ہے اور میں خود جلد ہی راولاکوٹ کا دورہ کروں گا ۔انہوں نے کہاکہ سڑکوں کی تعمیر اور دیگر تعمیر نو کے منصوبوں کی تکمیل سے ان علاقوں میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور ان علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت عوام کے فلاح وبہود کے لیے کوشاں ہے۔