بھارت کشمیریوں کے حقوق پامال کررہا ہے ، نہرو نے کہا تھا کشمیریوں کو ان کی مرضی کیخلاف نہیں رکھیں گے، پاکستان

جمعہ 6 فروری 2015 16:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروی 2015ء) پاکستان نے کہاہے کہ بھارت کشمیریوں کے حقوق پامال کررہا ہے ،نہرو نے کہا تھا کشمیریوں کو ان کی مرضی کے خلاف نہیں رکھیں گے ‘ چینی وزیر خارجہ رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرینگے ‘ تاریخ کا اعلان بعد میں ہوگا ‘افغان ہمارے بہن بھائی ہیں، رضا کارانہ واپسی چاہتے ہیں، امید ہے افغان مہاجرین کی جلد واپسی کیلئے اقدامات کیے جائیں گے جمعہ کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہاکہ تقریباً تین سو پاکستانی زائرین عراق میں محصور ہیں، اتحاد ایئر لائن کی بدانتظامی کے باعث زائرین کی واپسی میں تاخیر ہوئی ‘انہوں نے کہا کہ بغداد میں ہیڈ آف مشن نے زائرین سے ملاقات کی اور سہولیات مہیا کیں، زائرین کی واپسی کیلئے اتحاد ایئر لائن سے رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہا ہے، بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت سے متعلق نہرو کا وعدہ بھول گیا، نہرو نے کہا تھا کشمیریوں کو ان کی مرضی کیخلاف ساتھ نہیں رکھیں گے۔چین کے صدر کے دورہ پاکستان سے متعلق گردش کرتی خبروں پر تسنیم اسلم نے کہاکہ چین کے وزیر خارجہ اس ماہ پاکستان آئیں گے، چین کے وزیرخارجہ کے دورے کی تاریخ کا اعلان بعد میں ہوگا، چین کے صدر کے دورے کی تاریخ طے نہیں، اخباری خبریں قیاس آرائیاں ہیں۔

افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق ترجمان نے بتایا کہ یو این ایچ سی آر کو افغان مہاجرین کی دیکھ بھال کرنی تھی، ایک دھائی سے پاکستان افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھا رہا ہے، افغان ہمارے بہن بھائی ہیں، ان کی رضا کارانہ واپسی چاہتے ہیں، امید ہے کہ افغان مہاجرین کی جلد واپسی کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :